پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پیر کو کہا ہے کہ سابق کپتان بابر اعظم کو بتایا گیا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انتخاب کے لیے سپن بولنگ کے خلاف اپنی بیٹنگ بہتر کر لیں اور مجموعی سٹرائیک ریٹ میں اضافہ کریں۔
بابر اعظم دیگر فارمیٹس میں پاکستان کی بیٹنگ کا اہم ستون ہیں لیکن انہوں نے گذشتہ سال کے آخر میں جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد سے کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نہیں کھیلا۔
30 سالہ بابر آئندہ ماہ ہونے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے سکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے اور ٹیم مینجمنٹ نے صاحبزادہ فرحان جیسے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہیسن نے اوپننگ بلے باز، جن کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سٹرائیک ریٹ محض 129 ہے، کے بارے میں کہا: ’اس میں کوئی شک نہیں کہ بابر سے کہا گیا کہ وہ سپن کے خلاف کھیلنے اور اپنے سٹرائیک ریٹ کے حوالے سے کچھ پہلوؤں میں بہتری لائیں۔
’یہ وہ چیزیں ہیں جن پر وہ بہت محنت کر رہے ہیں، لیکن فی الحال جو کھلاڑی ہمارے پاس ہیں، انہوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔
’صاحبزادہ فرحان چھ میچ کھیلے ہیں اور تین بار پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا۔‘
ہیسن نے کہا کہ بابر کو چاہیے کہ وہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں کھیل کر اپنی 20 اوورز کی بیٹنگ بہتر کریں اور ٹیم میں واپس آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بابر جیسے کھلاڑی کے پاس موقع ہے کہ وہ بی بی ایل میں کھیلیں اور دکھائیں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی میں ان پہلوؤں میں بہتری لا رہے ہیں۔ وہ اتنے اچھے کھلاڑی ہیں کہ انہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔‘
پاکستان اپنا ایشیا کپ گروپ اے کا آغاز 12 ستمبر کو دبئی میں عمان کے خلاف کرے گا اور دو دن بعد اسی مقام پر روایتی حریف انڈیا کے مدمقابل ہوگا۔