وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے حکومت نے جمعرات کو ’سیف اینڈ سکیور اسلام آباد‘ کے نام سے ایک نیا منصوبہ متعارف کرایا ہے۔
یہ اعلان وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن اور آئی جی پولیس سید علی ناصر رضوی بھی موجود تھے۔
طلال چوہدری نے کہا اسلام آباد کو محفوظ بنانے کے لیے پہلی بار ’سکیور نیبرہُڈ‘ کے نام سے ایک جامع سروے شروع کیا جا رہا ہے۔
سروے کے ذریعے ہر گھر، دکان اور دفتر کی تفصیلات جمع کی جائیں گی، جن میں رہائشیوں کی تعداد، عمر، قومیت، ملکیت یا کرایہ داری کی حیثیت اور دیگر معلومات شامل ہوں گی۔
ان کے مطابق یہ ڈیٹا نہ صرف شہری سہولیات کی فراہمی میں مدد دے گا بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سکیورٹی کے لحاظ سے ایک مؤثر نظام فراہم کرے گا۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں اسلام آباد میں تمام گاڑیوں پر الیکٹرانک ٹیگ (ای-ٹیگ یا ایم-ٹیگ) لگانا لازمی قرار دیا جائے گا۔
یہ نظام ہر گاڑی کی نقل و حرکت کی نگرانی ممکن بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں کوئی گاڑی ایسی نہیں ہوگی جس کے پاس ماحولیاتی منظوری اور ای-ٹیگ موجود نہ ہو۔
طلال چوہدری نے کہا اسلام آباد چونکہ ملک کا دارالحکومت ہے، اس لیے یہاں کی انتظامیہ پر دیگر شہروں کے مقابلے میں زیادہ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔
’یہاں نہ صرف شہریوں کی خدمت کرنی ہے بلکہ غیر ملکی سفارت کاروں، وفود اور اعلیٰ شخصیات کی حفاظت بھی ہماری ترجیح ہے۔‘
وزیر مملکت نے بتایا ’سکیور نیبرہُڈ‘ منصوبہ تین ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس مقصد کے لیے سکولوں، کالجوں، کاروباری برادری، تاجر تنظیموں اور مختلف اداروں کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے گا تاکہ ڈیٹا جمع کرنے کا عمل جامع اور شفاف ہو۔
انہوں نے کہا تمام معلومات صرف سرکاری اداروں اور اسلام آباد انتظامیہ کے پاس محفوظ رہیں گی اور ان کا غلط استعمال نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے بتایا شہری اپنی معلومات خود جمع کرانے کے لیے نئی موبائل ایپ “ICT Household Survey” استعمال کر سکیں گے۔
اس ایپ کے ذریعے رہائش، مکینوں، ملازمین اور ملکیت کی تفصیلات آسانی سے شامل کی جا سکیں گی۔
انہوں نے بتایا پیر سے ٹیمیں گھر گھر جا کر معلومات اکٹھی کریں گی اور اگر کسی گھر یا دکان کی تفصیلات فراہم نہ کی گئیں تو انتظامیہ دیگر ذرائع سے وہ معلومات حاصل کرے گی۔
ان کے بقول ’اسلام آباد کو محفوظ بنانے کا یہی واحد جامع طریقہ ہے۔‘
عرفان میمن نے مزید کہا کہ گاڑیوں کی ای-ٹیگنگ سے متعلق تفصیلی لائحہ عمل آئندہ چند دنوں میں جاری کیا جائے گا، جو نہ صرف شہر میں موجود بلکہ داخل ہونے والی گاڑیوں پر بھی لاگو ہوگا۔