پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کی 28 فوڈ مارکیٹوں میں ریستورانوں کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ، کھانے پینے کی اشیا تیار کرنے والے ملازمین کو تربیت دینا شروع کر دی ہے۔
ایک مہینے کی تربیت کے بعد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے لاہور کے تاریخی بادشاہی قلعے میں قائم حویلی فوڈ سٹریٹ میں ریستورانوں کا معائنہ کیا۔
لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں کھانے پینے کی اشیا کے غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ ہونے کی شکایت زبان زد عام رہتی ہے۔
اس حوالے سے بنایا گیا محکمہ فوڈ اتھارٹی گاہے بگاہے کارروائیاں بھی کرتا رہتا ہے لیکن اب لاہور کی بڑی فوڈ مارکیٹوں میں ریستورانوں پر کھانوں کا معیار بہتر کرنے کے لیے ملازمین کو ایک ماہ کی خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔
فوڈ اتھارٹی پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز خواجہ عمیر نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’ہم نے پہلے مرحلے میں لاہور شہر کی 28 مارکیٹوں میں بنے ریستورانوں کے عملے کو ایک ماہ کی تربیت کا پروگرام شروع کیا ہے۔ جس میں کھانے پینے کی اشیا تیار کرنے اور فراہم کرنے والوں کو صفائی ستھرائی، گوشت، سبزیوں اور مصالحہ جات کا معیار چیک کرنے کا طریقہ بتایا جاتا ہے۔
’انہیں یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ کھانے اور پینے کے لیے استعمال ہونے والی اشیا کو کس طرح محفوظ رکھنا ہے اور اگر وہ خراب ہو جاتی ہیں تو کس طرح معلوم کیا جا سکتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ملازمین کو حفظانِ صحت کے اصولوں سے متعلق بھی آگاہی فراہم کی ہے، جس کا مقصد ریستورانوں میں اشیائے خور دو نوش کا معیار بہتر کر کے شہریوں کو ملاوٹ شدہ اور صحت کے لیے نقصان دہ کھانوں یا مشروبات سے بچانا ہے۔‘
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے حویلی فوڈ سٹریٹ میں ریستورانوں پر تربیت کے مطابق سروسز کا معائنہ بھی کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بقول خواجہ عمیر: ’ہماری تربیت کی وجہ سے بیشتر ریستورانوں کا معیار کافی بہتر ہو چکا ہے، البتہ جہاں خامیاں ہیں وہاں وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ اگر کوئی ہوٹل اب ہماری ہدایات پر عمل نہیں کرتا تو کارروائی بھی پہلے سے سخت کی جائے گی۔‘
حویلی فوڈ سٹریٹ میں قائم ریستوران کے مینیجر محمد حمزہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’ٹریننگ میں ہمیں بتایا گیا کہ کس طرح فوڈ کی ایکسپائری ڈیٹ چیک کرنا ہے۔ گوشت یا سبزیوں کی ایکسپائری تاریخ ہم خود چِٹ پر لگا دیتے ہیں۔ کس طرح صفائی اور معیار کا خیال رکھنا ہے۔
’ہم نے تربیت کے مطابق خیال رکھا تو واقعی کھانوں کا معیار بھی بہتر ہوا اور ہمارے گاہک بھی خوش ہوتے ہیں۔‘
حویلی فوڈ سٹریٹ ایک روایتی کھانوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں نہ صرف مقامی بلکہ بیرون ملک سے سیاح بھی کھانا کھاتے ہیں۔
عمیر کے بقول: ’ہم نے اس کے علاوہ برکت مارکیٹ، فردوس مارکیٹ، گلشن راوی، مون مارکیٹ، رائیونڈ روڑ اور جوہر ٹاؤن مارکیٹ سمیت تمام اہم مقامات پر ریستورانوں میں کھانوں کا معیار بہتر کرنے کی کامیاب تربیت دی ہے، جس کے زیادہ اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔‘