جعلی ویزوں پر برطانیہ جانے کی کوشش کرنے والے پانچ افراد گرفتار: ایف آئی اے

ایف آئی اے نے شارجہ سے جعلی برطانوی ویزوں پر برطانیہ جانے کی کوشش کے الزام میں ڈی پورٹ ہونے والے پانچ افراد کو لاہور ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا۔

چھ دسمبر، 2025 کو ایف آئی اے کی جاری کردہ تصویر میں جعلی ویزوں پر برطانیہ جانے کی کوشش کے الزام میں لاہور ایئرپورٹ پر  زیر حراست افراد نظر آ رہے ہیں (ایف آئی اے)

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ہفتے کو بتایا کہ شارجہ سے جعلی برطانوی ویزوں پر برطانیہ جانے کی کوشش کے الزام میں ڈی پورٹ ہونے والے پانچ افراد کو لاہور ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔

ایجنسی کے مطابق ان پانچوں افراد نے رواں سال کے آغاز میں لاہور سے ملائیشیا کا وزٹ ویزوں پر سفر کیا۔

ملائیشیا میں قیام کے بعد انہوں نے مبینہ طور پر ایجنٹوں کے ذریعے حاصل کی گئی جعلی دستاویزات کے ساتھ شارجہ سے برطانیہ جانے کی کوشش کی۔

ایف آئی اے نے اپنے بیان میں کہا ’پانچ پاکستانی مسافروں کو جعلی برطانوی ویزے رکھنے پر شارجہ سے ڈی پورٹ کیا گیا، جنھیں لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر حراست میں لے لیا گیا۔‘

بیان کے مطابق یہ جعلی سفری دستاویزات ایجنٹوں کی مدد سے حاصل کی گئیں، جس کے باعث متحدہ عرب امارات کے حکام نے ان افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے واپس پاکستان بھیج دیا۔

ایف آئی اے کے مطابق پانچوں افراد کو مزید تفتیش کے لیے لاہور میں انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا۔

گذشتہ چند برسوں میں پاکستان نے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن سخت کر دیا ہے، خاص طور پر ان ہولناک کشتی حادثات کے بعد جن میں یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے پاکستانی شہریوں کی جانیں گئیں۔

جولائی میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ حکومت منظم جرائم پیشہ گروہوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور عوام پر زور دے رہی ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے محفوظ اور قانونی راستے اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اندرون ملک اور بیرون ملک روزگار کے مواقع بڑھا رہی ہے، مگر ساتھ ہی خبردار کیا کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانا خطرناک اور قومی و بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

جمعے کو وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جعلی دستاویزات استعمال کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے مسافروں کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جائے گی۔

خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق حکومت نے پروٹیکٹر اجرا کے نظام کو مکمل طور پر فول پروف بنانے کے اقدامات کی منظوری دی ہے، جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے امیگریشن کے عمل میں اصلاحات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دونوں وفاقی وزرا نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ سات دن کے اندر اپنی حتمی سفارشات پیش کریں۔ انہوں نے جعلی ویزا کاروبار میں ملوث عناصر اور ایجنٹ نیٹ ورکس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کو روکنے کے لیے جنوری سے اسلام آباد میں ایک اے آئی بیسڈ موبائل ایپ پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر متعارف کرائی جائے گی۔

انہوں نے کہا ’اس اے آئی ایپ کے ذریعے حکام پیشگی طور پر یہ تعین کر سکیں گے کہ کون سفر کے اہل ہے اور کون نہیں۔‘

نقوی نے مزید کہا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے پاسپورٹ منسوخ کیے جانے کے بعد حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ وہ نئے ویزے حاصل نہ کر سکیں۔ 

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا ’جعلی ویزوں اور ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائی جا رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ سبز پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ بہتر بنائی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی ذرائع سے بیرون ملک جانے والے افراد ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان