انڈیا کی مغربی ریاست گوا کے وزیراعلیٰ پرمود ساونت اور دیگر حکام نے اتوار کی صبح بتایا ہے کہ ریاست کے مغرب میں ایک مقبول نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 23 افراد جان سے چلے گئے۔
نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ آدھی رات کے قریب ضلع شمالی گوا کے علاقے ارپورا میں ایک کلب میں لگنے والی اس آگ سے مرنے والوں میں کئی سیاح بھی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’آج ہم سب کے لیے گوا میں بہت تکلیف دہ دن ہے۔ ارپورا میں بڑے پیمانے پر آتشزدگی کے واقعے نے 23 افراد کی جان لے لی۔‘
انہوں نے کہا: ’میں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے اور اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔‘
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو لوگ ذمہ دار پائے گئے ان کے خلاف قانون کے تحت سخت ترین کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی کوتاہی کو سختی سے نمٹا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی افسردہ ہیں اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں۔
پرمود ساونت نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ ’تین سے چار‘ سیاح جان سے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین افراد نے جھلس کر جان گنوائی جب کہ باقی دم گھٹنے سے جان سے گئے۔
بحیرہ عرب کے ساحل پر واقع گوا، جو پرتگال کی ایک سابقہ کالونی ہے، اپنی نائٹ لائف، ریتلے ساحلوں اور پر سکون ساحلی ماحول کے سبب ہر سال کروڑوں سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔
انڈیا میں ناقص طرز تعمیر، زیادہ بھیڑ بھاڑ اور سکیورٹی ضوابط کی پابندی نہ ہونے کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات عام ہیں۔
مقامی میڈیا نے پولیس اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ شبہ ہے کہ یہ آگ ’سلنڈر پھٹنے‘ سے لگی، لیکن انہوں نے کہا کہ مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے مقامی قانون ساز مائیکل لوبو کے حوالے سے بتایا کہ آگ بجھانے والے عملہ اور پولیس ساری رات لوگوں کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف رہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
لوبو نے مزید کہا کہ حکام اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے دیگر مقامات پر آگ سے متعلق سکیورٹی آڈٹ کریں گے۔
رواں برس مئی میں انڈیا کے شہر حیدرآباد میں ایک تین منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 17 افراد جان سے گئے تھے۔
اس سے ایک ماہ پہلے، کولکتہ کے ایک ہوٹل میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس میں کم از کم 15 لوگوں کی جان گئی تھی۔ کچھ لوگ جان بچانے کے لیے کھڑکیوں سے باہر نکل کر چھت پر پہنچے تھے۔
گذشتہ سال، مغربی ریاست گجرات میں ایک پرہجوم تفریحی پارک میں آگ لگنے سے کم از کم 24 افراد کی جان گئی۔
اُس وقت حکام نے پارک میں ہونے والی اموات اور زخمیوں کی بڑی تعداد کو مناسب حفاظتی معیار کی کمی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ لوگ پھنس گئے کیوں کہ اس جگہ کا ایک عارضی حصہ داخلی دروازے کے قریب گر گیا تھا۔