تحریک انصاف کے دور میں کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ پس پشت ڈالا گیا: وزیر اطلاعات

لاہور میں اتوار کو عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس انڈیا اور افغانستان سے آپریٹ ہو رہے ہیں اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سات دسمبر 2025 کو لاہور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے (سکرین گریب/پی ٹی وی)

لاہور میں اتوار کو عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں نہ صرف کشمیر اور فلسطین جیسے اہم قومی و عالمی مسائل کو پس پشت ڈال دیا گیا بلکہ انڈیا کے خلاف ملک کے مؤقف کو بھی کمزور رکھا گیا۔

وزیر اطلاعات نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی ساڑھے 12 سالہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبہ کھنڈر بنا دیا گیا ہے اور وہاں ایک بڑا ترقیاتی منصوبہ بھی مکمل نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں فرانزک لیب جیسے جدید منصوبے بنائے، مگر پی ٹی آئی اپنے صوبے میں ایک ہسپتال تک نہ بنا سکی۔

انڈین پالیسیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان فوج نے دشمن پر ہمیشہ واضح برتری قائم رکھی ہے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے دشمن پر خوف طاری کر رکھا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی سربراہی میں پاکستان ایئر فورس نے بھارتی طیارے گرائے، جسے دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عطاء اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس انڈیا اور افغانستان سے آپریٹ ہو رہے ہیں اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے نو مئی کے واقعات کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ہیروز کی یادگاروں کی بے حرمتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو امداد روکنے کے لیے خط لکھا، جو ملک دشمنی کی بدترین مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ رہے گا، ترقی کرے گا اور ’تحریک انتشار‘ کو عوام میں ناکامی ہی ملے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک میں تعمیر و ترقی کا جال بچھایا ہے اور آج بھی عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت تمام ادارے ملکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست