کراچی: لیاری میں رحمان ڈکیت کے بھتیجے سمیت دو گرفتار

پولیس کے مطابق ملزم حارث، لیاری گینگ وار کے سرغنہ رحمان ڈکیت کا بھتیجا ہے، جو اس سے قبل بھی غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

کراچی پولیس کا ایک اہلکار لیاری سے گرفتار ہونے والے گینگ وار کے سرغنہ رحمان ڈکیت کا بھتیجے حارث اور دوسرے ملزم راشد علی کے ہمراہ (کراچی پولیس)

کراچی کے علاقے لیاری کلاکوٹ میں پولیس نے اتوار کو علی الصبح ڈکیتی کی واردات کے دوران کارروائی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں کو دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ رحمان ڈکیت کا بھتیجا بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق اتوار کی صبح لیاری اور اس کے اطراف میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، جس کا مقصد علاقے میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانا اور گینگ وار سے منسلک عناصر کا خاتمہ کرنا ہے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سٹی عارف عزیز کے مطابق گرفتار ملزمان ماضی میں بھی سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں، جن کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت حارث اور  راشد علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزم حارث، لیاری گینگ وار کے سرغنہ رحمان ڈکیت کا بھتیجا ہے، جو اس سے قبل بھی غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم راشد علی بھی ریکارڈ یافتہ ملزم ہے، جو اس سے قبل منشیات فروشی سمیت دیگر مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ برآمد ہونے والے اسلحے اور موٹر سائیکل سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

رحمان  ڈکیت نو اگست 2009 کو سٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود میں پولیس افسر چوہدری اسلم سے مقابلے میں مارے گئے تھے، جس کے بعد ان کے بیٹے ساربان نے 2022 میں باپ کی جگہ سنبھالی، لیکن وہ بھی مارچ 2024 میں ایک پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان