|
ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ کو آج 25واں دن ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔ اس جنگ کے تازہ ترین اپ ڈیٹس۔ |
دن 1 بج کر 38 منٹ
ایران میں گیس تنصیبات اور پائپ لائن پر اسرائیل-امریکہ حملہ
ایرانی میڈیا نے منگل کو رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے توانائی کی تنصیبات پر حملے نہ کرنے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد اسرائیل-امریکہ حملے میں دو گیس تنصیبات اور ایک پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ’اصفہان میں اسرائیل اور امریکی دشمن کے جاری حملوں میں گیس ایڈمنسٹریشن بلڈنگ اور گیس پریشر ریگولیشن سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا ہے۔‘
ایرانی میڈیا کے مطابق مرکزی ایران میں تنصیبات کو ’جزوی نقصان‘ پہنچا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فارس نیوز ایجنسی اس واقعے کو رپورٹ کرنے والا واحد ادارہ ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حملے میں خرمشہر گیس پائپ لائن کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
دن 12 بج کر 50 منٹ
ایران کے تل ابیب پر حملے، چھ افراد زخمی
اسرائیلی پولیس کے مطابق منگل کو ایران کے تازہ میزائل حملے میں تل ابیب کے متعدد مقامات کو نقصان پہنچا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ منگل کو ایرانی حملے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیل کے میگن ڈیوڈ ایڈم ایمرجنسی میڈیکل سروس کا کہنا ہے کہ ’چار مختلف مقامات پر چھ افراد کو معمولی چوتیں آئی ہیں۔‘
حملے کے بعد جاری کی گئی ویڈیوز میں ایسی عمارتوں اور گاڑیوں کو دیکھا جا سکتا ہے کہ جنہیں جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
دن 12 بجے
پاکستانی اور مصری وزرائے خارجہ کی خطے کی صورت حال پر گفتگو
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی منگل کی شب اپنی مصری ہم منصب بدر عبد العاطي سے گفتگو ہوئی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورت حال کا جائزہ لیا۔
بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے کشیدگی کے فوری خاتمے اور امن و سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔
صبح 09 بج کر 30 منٹ
ایران کا روشن مستقبل ’فوج اور عوام کا مرہون منت‘
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملک کی افواج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے ’ہاتھوں اور بازوؤں کو بوسہ‘ دیتے ہیں۔
مسعود پزشکیان نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ’میں مسلح افواج اور وطن کے پرجوش محافظوں کے ہاتھوں اور بازوؤں کو بوسہ دیتا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملک کا روشن مستقبل اور اس سرزمین کے بچوں کا محفوظ اور پُرامن کل عوام کی مزاحمت، ثابت قدمی اور ایران کے محافظوں کے ساتھ ان کے مقدس اتحاد کا مرہون منت ہے۔‘
صبح 08 بج کر 50 منٹ
ایران کا اسرائیل پر تازہ حملہ
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے منگل کی صبح اعلان کیا کہ اسرائیل پر میزائل حملوں کی ایک اور لہر داغ دی، اس سے قبل شمالی علاقے میں ایک عمارت پر حملہ ہوا جبکہ بیت المقدس میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے ٹیلی گرام پر لکھا: ’ایران نے مقبوضہ علاقوں کی جانب میزائلوں کی نئی لہر فائر کر دی۔‘
کچھ ہی لمحوں بعد اس نے کہا کہ ’ایرانی میزائل کئی اسرائیلی دفاعی نظام کو عبور کر گئے۔‘
میگن ڈیوڈ آدوم کی ایمرجنسی سروسز نے اسرائیل کے شمال میں ایک تباہ شدہ عمارت کی ویڈیو جاری کی اور بتایا کہ اس واقعے میں کوئی جان سے نہیں گیا۔
اسرائیلی فوج نے بعد ازاں منگل کی صبح متعدد اعلانات میں کہا کہ اسے ایرانی میزائلوں کی آمد کا پتہ چلا ہے اور وہ انہیں روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
صبح 08 بج کر 30 منٹ
مذاکرات کے لیے امریکی وفد پاکستان پہنچے گا تاہم ایران ’تیار نہیں‘
ترک نیوز ایجنسی انادولو نے پاکستانی وزارت خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی وفد ممکنہ مذاکرات کے لیے ایک یا دو دن میں پاکستان پہنچ رہا ہے۔
تاہم انادولو کی رپورٹ کے مطابق ایران ’عدم اعتماد‘ کی وجہ سے ’اب تک اس کے لیے تیار نہیں‘ ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزارت خادجہ کے ذرائع کے مطابق ’ایران کو مذاکرات کے لیے آنے پر آمادہ کرنے کے لیے بیک ڈور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، ترکی، اور مصر ’اس کوشش کی مشترکہ رہنمائی کر رہے ہیں۔‘