’پہلے ہی کہا تھا کہ پورا پاکستان بات کرے گا‘

پاکستانی ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ مقبولیت کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ چکا ہے اور ہر گزرتے ہفتے کے ساتھ ساتھ اس کی مقبولیت مزید بڑھ رہی ہے۔

پاکستانی ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ مقبولیت کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ چکا ہے اور ہر گزرتے ہفتے کے ساتھ ساتھ اس کی مقبولیت مزید بڑھ رہی ہے۔

دانش کا مہوش کو ’دو ٹکے کی عورت‘ کہنا یا شہوار کو تھپڑ مارنا، پاکستانی ڈرامے کے شائقین کے لیے موضوعِ سخن بنا ہوا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو نے اس ضمن میں اس ڈرامے کے پروڈیسر اور اداکار ہمایوں سعید سے ملاقات کی اور اس ڈرامے کے ساتھ ساتھ ان کی آنے والی فلموں کے بارے میں بھی بات کی۔

ہمایوں سعید نے انڈپینڈنٹ اردو کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ڈرامے کی کامیابی کا پیمانہ نہیں ناپا جاسکتا تاہم اس ڈرامے کا سکرپٹ پانچ سال سے ان کے پاس تھا اور انہیں اس پر پورا یقین تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب چینل کے ذمہ داران ان سے پوچھتے تھے کہ ڈرامہ کیسا جائے گا تو وہ کہا کرتے تھے کہ پورا پاکستان اس پر بات کرے گا۔ تو آج پورا پاکستان اس پر بات کر رہا ہے تاہم ریٹنگ کے ریکارڈز توڑنے کا اندازہ نہیں تھا لیکن جب پورا پاکستان بات کرتا ہے تو ریٹنگ بھی آہی جاتی ہے تو اس پر بہت خوشی ہے کہ جس سکرپٹ پر اعتماد تھا وہ اتنا کامیاب بھی ہو رہا ہے۔

اس ڈرامے پر ہونے والی تنقید کے بارے میں ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ یہ کوئی روایتی کہانی نہیں ہے۔ دیکھنے والوں نے پہلی دوسری قسط ہی میں اندازہ لگا لیا تھا کہ یہ میاں بیوی ساتھ نہیں رہ سکیں گے اور یہ لڑکی کوئی نہ کوئی گڑبر ضرور کرے گی لیکن وہ ہوا 12ویں قسط میں جاکر، اگر یہ کوئی روایتی ڈرامہ ہوتا تو تیسری یا چوتھی قسط میں شوہر تھپڑ مارکر طلاق دے کر بیوی کو نکال چکا ہوتا۔

ہمایوں نے مزید کہا کہ جب ان کے کردار نے ردِ عمل دکھایا تو جیسے پورا پاکستان ہل گیا۔ پہلے جب وہ ایک لائن تھی ’دو ٹکے کی عورت‘ والی پھر وہ تھپڑ والا سین، تو اب اس ڈرامے میں دو تین لمحات ایسے اور آنے ہیں جس پر مجھے یقین ہے کہ کافی کچھ ہوگا اور قسط میں لوگوں کو ایک ’شاک‘ ملے گا۔

 

’جیسے آپ نے دیکھا کہ کیسے جب مہوش کی شادی ہو رہی تھی تو اس وقت شہوار کی بیوی آ گئی اور جیسے آپ دیکھ رہے ہیں کہ پوری رات سوشل میڈیا پر رد عمل آ رہا ہے اور تھپڑ کے بعد لوگوں کو ایک اور سکون ملا ہے تو ہم سب بھی بہت خوش اور پُر جوش ہیں۔‘

ہمایوں نے کہا کہ جیسے آپ نے دیکھا کہ جب سویرا ندیم آئیں تو ان کی ایک بڑی شخصیت ہے اور انہوں نے اپنے کردار کو ادا کیا اور جس قسم کے تاثرات انہوں نے دیے ہیں شاید ہی کوئی اور اس قسم کے تاثرات دے سکتا۔

ہمایوں سعید نے چار سال کے بعد ڈرامے میں کام کیا ہے، اس کے بارے میں ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ان کے پاس وقت کی شدید کمی ہے۔ انہیں ایک فلم بھی ہر سال کرنی ہوتی ہے اور بطور پروڈیوسر سکرپٹ پر بھی بہت کام ہوتا ہے اس وجہ سے ذہنی طور پر بہت تھک جاتے ہیں پھر فلم مین جسمانی تھکاوٹ بھی ہوتی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈرامہ کرنے کے وقفے میں ضرور کمی لائیں گے جیسے تین کی بجائے دو سال میں ایک ڈرامہ کر لیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن