انگلینڈ ویمنز نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی جیت لی

انگلینڈ نے اوپنرز کی نصف سنچریوں کی بدولت 185 رنز بنائے لیکن پاکستان جواب میں نو وکٹوں پر 101 رنز بنا سکا۔

ارم جاوید نے ایک چوکے اور چار چھکوں کی بدولت 38 رنز کی اننگز کھیلی (پی سی بی)

انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 84 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

انگلینڈ نے اوپنرز ایمی جونز اور ڈینی وائٹ کی برق رفتار نصف سنچریوں کی بدولت پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستان مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنا سکی۔

کنرارا اوول ملائیشیا میں کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی اوپنرز ایمی اور ڈینی نے اننگز کے آغاز سے ہی میزبان بولرز کے خلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 68 گیندوں پر 120 رنز کی شاندار شراکت نے میچ میں انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم کر دی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 ایمی نے 52 گیندوں پر 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 89 رنز جبکہ ڈینی نے 36 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔

دونوں بلے بازوں کے علاوہ مہمان ٹیم کی کوئی کرکٹر بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہی۔ تاہم انگلش ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے انعم امین اور ندا ڈار نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

186 رنز کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں ایک بار پھر متاثرکن کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہیں۔ مڈل آرڈر بلے باز ارم جاوید کے علاوہ کوئی بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکی۔ پاکستان کی صرف تین کرکٹرز ڈبل فگر میں داخل ہوسکیں۔

ارم نے ایک چوکے اور چار چھکوں کی بدولت 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ عالیہ ریاض 16 اور جویریہ خان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ انگلینڈ کی ایکلے اسٹون، کیتھرین برنٹ اور میڈی ویلیئرز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایمی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 20 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ