صوابی کے گاؤں سے تھائی پارلیمنٹ تک: ثواب خان کی کہانی

ثواب خان نے 29 جنوری کو تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ کے رکن کے طور پر حلف لیا۔ اس طرح انہوں نے تاریخ میں پہلی بار پاکستانی نژاد پشتون تھائی پارلیمنٹرین کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

ثواب خان نے 60 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کے بعد قومی نشست کے لیے انتخاب لڑا اور بھاری اکثریت سے جیتے۔ (تصویر: مسرت خان عاصی)

ثواب خان کے گذشتہ ماہ 29 جنوری کو حلف اٹھاتے ہی دوسری جنگ عظیم میں خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے چھوٹے سے گاؤں ادینہ سے شروع ہونے والی کہانی بالآخر تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ میں داخل ہوگئی۔

دوسری جنگ عظیم اپنے زوروں پر تھی جب ثواب خان کے والد وہاب خان کو برطانوی فوج کی جانب سے اس وقت سیام (موجودہ تھائی لینڈ) بھیجا گیا، لیکن پھر پاکستان بھی بن گیا لیکن وہ تھائی لینڈ میں ہی رہ گئے۔ انہوں نے وہیں شادی کی اور ثواب خان کا جنم ہوا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ثواب خان کے بھتیجے بختیار خان نے بتایا: کاکا (پشتو میں چچا کو کہتے ہیں) کا تھائی لینڈ کی سیاست میں ہمیشہ فعال کردار رہا، حتیٰ کہ خود شاہی خاندان نے بھی ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے بطور میئر صوبے پراچوپ خیری خان کی بہت خدمت کی اور 60 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کے بعد قومی نشست کے لیے انتخاب لڑا اور بھاری اکثریت سے جیتے۔‘

بختیار خان بھی خود 80 کی دہائی سے تھائی لینڈ میں اپنا کاروبار کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ قانونی پیچیدگیوں کے باعث ان کے حلقے کا نتیجہ تاخیر کا شکار رہا تاہم الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے بعد بالآخر انہوں نے 29 جنوری کو تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ کے رکن کے طور پر حلف لیا۔ اس طرح انہوں نے تاریخ میں پہلی بار پاکستانی نژاد پشتون تھائی پارلیمنٹرین کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

تھائی رکن پارلیمنٹ ثواب خان کہتے ہیں: ’یقینی طور پر یہ میرے لیے خوشی کی بات ہے، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ پاکستان اور میرے آبائی علاقے صوابی کے لیے بھی فخر کی بات ہے۔ میرے والد نے بے سروسامانی کی حالت میں اپنا وطن چھوڑا ، یہاں آکر آباد ہوئے اور محنت مزدوری کی۔ آج میں اس مقام تک پہنچا تو یہ تھائی لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔‘

ثواب خان نے اپنا رشتہ پاکستان سے  کبھی نہیں توڑا۔ انہوں نے پاک تھائی دوستی فورم کی بنیاد رکھی۔ 2005 کے زلزلے اور بعد ازاں 2009 کے سیلاب میں بھی متاثرین کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔

اس حوالے سے ان کے بھتیجے  بختیار خان نے بتایا: ’وہ چاہتے ہیں کہ پاک تھائی تعلقات کو مزید مستحکم اور موثر بنایا جائے اور تھائی لینڈ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لیے مزید راہیں ہموار ہوں۔‘

جنگ عظیم دوم کے دوران غیر منقسم ہندوستان کے مقامی سپاہی کافی تعداد میں تھائی لینڈ گئے اور پھر وہیں مستقل سکونت اختیار کرلی۔ان میں سے اکثریت پشتونوں کی ہے اور ثواب خان اسی بنیاد کی دوسری نسل سے ہیں۔ رکن تھائی پارلیمنٹ ثواب خان کی کہانی اسی بنیاد کی ہمت اور محنت کی کامیابیوں کی داستان ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی میری کہانی