’2019 میں فلائنگ کاریں اڑانے کے بجائے ہم انناس کھانا سیکھ رہے ہیں‘

حال ہی میں انناس کو کھانے کا ایک ایسا طریقہ سامنے آیا ہے، جسے دیکھ کر لوگ یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ شاید وہ اپنی ساری زندگی اب تک ضائع کرتے آئے ہیں۔

فوٹو: ٹک ٹوک/ٹوئٹر

اگر کسی سے پوچھا جائے کہ دنیا کا کون سا پھل کھانا سب سے مشکل ہے تو کچھ لوگ کیوی اور کچھ انار کا نام لیں گے لیکن زیادہ تر لوگوں کا ماننا ہے کہ انناس (پائن ایپل) کھانا بھی جوئے شیر لانے سے کم نہیں۔

ایک تو یہ کہ انناس کافی بڑا ہوتا ہے، دوسرا اس کے اطراف نوکیلے حصے ہوتے ہیں، جنہیں کاٹنا کافی مشکل ہے اور پھر کہیں جاکر اس پھل کا کھانے کے لائق حصہ سامنے آتا ہے۔

لیکن حال ہی میں انناس کو کھانے کا ایک ایسا طریقہ سامنے آیا ہے، جسے دیکھ کر لوگ یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ شاید وہ اپنی ساری زندگی اب تک ضائع کرتے آئے ہیں، کیوں کہ اب تک وہ انناس کو غلط طریقے سے کھاتے رہے۔

ڈیلون روبرٹس 22 کے نام سے ایک ’ٹک ٹوک‘ صارف کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں ایک شخص کو نہایت مزے سے انناس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے نکال کر مزے کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

لیوس میک کلسکی نامی ایک صارف نے یہ ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور لوگوں کے ’حیرت بھرے‘ تبصرے آنا شروع ہوگئے۔

ایک صارف نے اس ’عزم‘ کا اظہار کیا کہ وہ انناس خرید کر اس طریقے کو خود سے آزمائیں گی۔

لیڈی پولیٹیک نامی ٹوئٹر صارف اس بات پر کچھ جھنجھلائی ہوئی نظر آئیں کہ وہ اپنی ساری زندگی انناس کو غلط طریقے سے کھاتی رہیں۔

ایک صارف نے لکھا، ’مجھے انناس کھانے کا یہ طریقہ جان کر ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے میں آج ہی پیدا ہوئی ہوں۔‘

لورا لی نے لکھا، ’میرا خیال تھا کہ 2019 میں ہم فلائنگ کاریں اڑا رہے ہوں گے، لیکن یہاں تو ہم ابھی تک یہ سیکھ رہے ہیں کہ انناس کو کیسا کھانا چاہیے۔‘

تاہم کچھ لوگوں کو مایوسی کا بھی سامنا کرنا پڑا کیونکہ ان کا انناس کچا تھا۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل