لاہور میں خاتون اور 10 ماہ کی بیٹی مین ہول میں گر گئیں، تلاش جاری: ریسکیو حکام

ریسکیو ذرائع کے مطابق ایمرجنسی وہیکلز جائے وقوع پہنچ چکی ہیں اور اہلکاروں نے مین ہول میں گرنے والی ماں اور بیٹی کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق لاہور میں خاتون اور ان کی بیٹی کے مین ہول میں گرنے کا واقعہ 28 جنوری 2026 کو پیش آیا (ریسکیو 1122)

لاہور میں ریسکیو حکام کے مطابق بدھ کی شب بھاٹی گیٹ میں داتا دربار کے قریب ایک خاتون کے اپنی بیٹی کے ہمراہ کھلے مین ہول میں گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد دونوں کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امدادی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ چکی ہیں اور اہلکاروں نے مین ہول میں گرنے والی ماں اور بیٹی کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق انہیں فون پر اس واقعے کی اطلاع دی گئی جس کے بعد ٹیم فوراً متحرک ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی شناخت 24 سال کی سعدیہ جبکہ 10 ماہ کی بیٹی ردا کے نام سے ہوئی ہے۔ 

بیان میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ نے پرندہ مارکیٹ میں کھدائی کے دوران مین ہول بنا رکھے تھے جہاں مناسب روشنی نہ ہونے کی وجہ سے خاتون کو مین ہول نظر نہیں آیا اور وہ اپنی بیٹی سمیت اس میں گر گئیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل کچھ ہفتوں پہلے پنجاب کے ضلع لودھراں کے ایک کھلے مین ہول میں سات سالہ بچہ ریحان گر کر جان سے گیا جس پر پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا تھا۔ 

اس واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نہ صرف غم و غصے کا اظہار کیا بلکہ ڈپٹی کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کیا تھا۔

لاہور بھاٹی گیٹ کے قریب پیش آنے والے اس تازہ واقعے کے حوالے سے ریسکیو 1122 کے ترجمان فاروق احمد کا ایک آڈیو کلپ بھی سامنے آیا ہے جس میں انہیں کہتے سنا جا سکتا ہے کہ خاتون کے شوہر جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور انہوں نے خود ہی اس واقعے کے بارے میں بتایا ہے۔

تاہم ریسکیو ترجمان نے مزید کہا کہ انہوں نے اس واقعے کی خود بھی تحقیقات کی ہیں اور ان کی ’متاثرہ خاتون‘ کے والد سے بات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سب بات چیت کرنے کے بعد انہیں اس ’واقعے پر شک ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں یہ نہیں کہہ رہا کہ یہ کال فیک ہے لیکن میں بھی مشکوک ہوں۔ ریسکیو 1122 ایک فیصد چانس پر بھی ساری رات آپریشن کرے گی۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان