ایبٹ آباد: کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے ریٹائرڈ میجر کون تھے؟

محکمہ صحت کے مطابق 78 سالہ میجر ریٹائرڈ الیاس بیرون ملک سے آئی ہوئی تبلیغی جماعت کے ساتھ گذشتہ 15 دنوں سے مختلف مساجد کے دورے کرتے رہے تھے۔

میجر ریٹائرڈ الیاس پہلے سے ہی شوگر سمیت مختلف بیماریوں کا شکار تھے۔(تصویر: کمال حسین)

خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں کرونا (کورونا) وائرس کے باعث انتقال کرنے والے میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کی نمازہ جنازہ محکمہ صحت کی جانب سے بتائے گئے پروٹوکول کے مطابق ادا کر دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں اس وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں یہ کرونا وائرس کے نتیجے میں فوج سے وابستہ افراد میں پہلی ہلاکت سمجھی جا رہی ہے۔

ایبٹ آباد کے ضلعی ہیلتھ آفیسر فیصل خانزادہ نے میجر ریٹائرڈ الیاس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کا کرونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

انہوں نے بتایا: '78 سالہ میجر ریٹائرڈ الیاس پہلے سے ہی شوگر سمیت مختلف بیماریوں کا شکار تھے۔ ان کا انتقال آج (اتوار کو) ہوا۔'

میجر ریٹائرڈ الیاس کے بھتیجے سردار مجتبیٰ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ وہ بیماری کے باعث کئی دنوں سے ہسپتال میں زیرعلاج تھے، لیکن بعد میں ان میں کرونا وائرس کی بھی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ آج صبح ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جبکہ تدفین بھی محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق کی گئی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میجر ریٹائرڈ الیاس کے ایک پرانے ساتھی کرنل ریٹائرڈ سردار شبیر احمد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ الیاس38  بلوچ رجمنٹ میں ان کے یونٹ آفیسر رہے ہیں جبکہ وہ 1971 کی جنگ میں جنگی قیدی بھی رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بعد میں انہوں نے ملیر کینٹ میں یونٹ جوائن کی اور وہاں فرائض انجام دیے جبکہ وہ 56  بلوچ رجمنٹ میں بھی رہے ہیں۔

سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سردار یعقوب کے صاحبزادے  کرنل ریٹائرڈ سردار شبیر احمد نے مزید بتایا کہ میجر ریٹائرڈ الیاس انتہائی نفیس اور دین کی طرف مائل انسان تھے جبکہ سروس کے زمانے  سے دعوت تبلیغ کے  ساتھ وابستہ تھے۔

انہوں نے بتایا: 'جب 1991 میں وہ ریٹائرڈ ہوگئے تو انہوں نے اپنے آپ کو مکمل طور پر تبلیغ کے لیے وقف کردیا۔ ان کا ٹھکانہ لاہور رائیونڈ ہی ہوتا تھا اور وہاں سے تبلیغ کا کام کرتے تھے۔ میری  زندگی کو بہتر بنانے میں بھی میجر الیاس نے بہت اہم کردار کیا تھا۔'

محکمہ صحت کے مطابق میجر ریٹائرڈ محمد الیاس بیرون ملک سے آئی ہوئی تبلیغی جماعت کے ساتھ گذشتہ15  دنوں سے مختلف مساجد میں تبلیغ کے سلسلے میں دورے کرتے رہے ہیں۔

ان میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد بیرون ملک سے آئے ہوئے تبلیغی جماعت کے دیگر دس مرد اراکین اور پانچ خواتین کو نجی ہوٹل منتقل کرکے ان کے کرونا وائرس ٹیسٹ کے نمونے لے لیے گئے ہیں اور انہیں لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان