کراچی میں پانچ سے آٹھ مئی تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی

شہر میں پانچ سے آٹھ مئی کے درمیان درجہ حرارت 40 سے 42 درجے سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

2015 میں کراچی میں آنے والی ہیٹ ویو سے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 1200 افراد ہلاک ہو گئے تھے (اے ایف پی)

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آنے والے چند دنوں میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات نے جمعے کو ایک ایڈوائیزری میں بتایا کہ کراچی میں پانچ سے آٹھ مئی کے درمیاں ہیٹ ویو جاری رہے گی۔ اس دوران شہر کا درجہ حرارت 40 سے 42 درجے سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا کہ 'چار مئی کو گرج چمک کے ساتھ بارش برسانے والا سسٹم شمالی پاکستان میں داخل ہوگا جس کے خاتمے پر پورے ملک میں موسم خشک  رہے گا۔

'اس سسٹم کے تحت بحیرہ عرب سے آنے والی ٹھنڈی ہوائیں جو کراچی کی موسم کو متوازن رکھتی ہیں وہ نہیں آئیں گی۔ ساتھ میں شہر میں شمال مغرب یعنی بلوچستان کے ریگستانی علاقوں سے گرم ہوائیں چلیں گی جس کے باعث شہر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کراچی میں آج (ہفتے) کو جنوب مغرب سے ہوائیں 14کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ہے۔

اگلے 24 گھنٹے کے دوران شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے اور  زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت37 درجے سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے۔

 واضح رہے کہ 2015 کے موسم گرما کے دوران کراچی شہر میں درجہ حرارت 49 درجے سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

اس ہیٹ ویو کے دوران سرکاری طور پر 1200 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے مطابق ہزاروں اموات ہوئی تھیں۔

 2015 کے بعد سے کراچی کو ہر سال مئی اور جون کے مہینوں میں ہیٹ ویو کا سامنا رہتا ہے۔ گذشتہ چند سال سے رمضان کا مہینہ بھی اسی شدید گرم موسم میں آرہا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے ساتھ کراچی میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر، درختوں کی کٹائی اور سبزہ نہ ہونے کی وجہ سے موسم گرما کے دوران گرمی میں شدت آتی جارہی ہے۔ 

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات