بھارتی سکیورٹی فورسز کا اسلحے سے لیس پاکستانی ڈرون گرانے کا دعویٰ

بی ایس ایف کے مطابق اسے خفیہ اداروں کی جانب سے ڈرون کے ذریعے پاکستان سے اسلحہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی جانب لانے کی کوشش کے بارے میں خبردار کیا گیا تھا، اسی وجہ سے نگرانی بڑھا دی گئی تھی۔

چینی ساخت کا ہیکسا کاپٹر  ڈرون (تصویر: سوشل میڈیا)

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں کٹھوا کے مقام پر تعینات بارڈر سکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے ہفتے کی صبح مبینہ طور پر اسلحے اور گولہ بارود سے لیس پاکستانی ڈرون کو گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

بی ایس ایف کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق: '20 جون کی صبح بی ایس ایف کی ایک پیٹرولنگ پارٹی نے ہیکسا کاپٹر ڈرون پاکستان کی جانب سے آتے ہوئے دیکھا۔ ڈرون بھارتی علاقے میں ڈیڑھ سے دو سو فٹ کی بلندی پر تھا۔ اس پر گولیاں چلائی گئیں اور اسے کامیابی سے گرا دیا گیا۔'

بیان کے مطابق: 'ڈرون ایک امریکی ساخت کی ایم فور کاربائن مشین، 60 راؤنڈز پر مشتمل دو میگزین اور سات چینی ساختہ دستی بم (گرینیڈ) سے لدا ہوا تھا۔'

بی ایس ایف کے مطابق: 'اس چینی ساختہ ڈرون کا وزن ساڑھے 17 کلوگرام تھا، تاہم جو وزن اس نے اٹھا رکھا تھا، وہ کافی زیادہ تھا۔'

مزید کہا گیا کہ 'اسلحے کے علاوہ اس پر چار بیٹریاں، ایک ریڈیو سگنل ریسیور اور دو جی پی ایس ٹریکر بھی موجود تھے۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنے بیان میں بی ایس ایف کا کہنا تھا کہ اسے خفیہ اداروں کی جانب سے ڈرون کے ذریعے پاکستان سے اسلحہ بھارتی جانب لانے کی کوشش کے بارے میں خبردار کیا گیا تھا، اسی وجہ سے اس علاقے کی نگرانی بڑھا دی گئی تھی۔

تاہم ابھی تک اس بارے میں پاکستان کی جانب سے کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں حالیہ دنوں میں عسکریت پسندوں کے ساتھ سکیورٹی فورسز کی جھڑپوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس موقع پر بعض تجزیہ نگار یہی سوال اٹھا رہے ہیں کہ عسکریت پسندوں کو اسلحہ کہاں سے مل رہا ہے؟ شاید بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے یہ دعویٰ اسی سوال کا جواب دینے کی ایک کوشش ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے بھی اپنے زیر انتظام کشمیر میں گذشتہ دنوں جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے دو بھارتی ڈرون گرانے کی اطلاع دی تھی۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا