’امریکہ دیکھ لے‘: ایران کے اپنے بنائے لڑاکا طیارے فضائیہ میں شامل

کوثر نامی یہ طیارے کہا جاتا ہے کہ امریکی ایف 5 طرز کے ہیں جو جدید ایوانکس سے مسلح ہیں۔ ان کا باضابطہ افتتاح 2018 میں صدر حسن روحانی نے کیا تھا اور اس وقت اس قسم کے سات طیارے فضائیہ میں شامل کئے گئے تھے۔  

کوثر لڑاکا طیارہ (ارنا)

بین الاقوامی اقتصادی پابندیوں کے باوجود ایران کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی فضائیہ میں مقامی سطح پر تیار کردہ تین مزید نئے لڑاکا طیارے شامل کر لیے ہیں۔

وزیر دفاع اور لاجسٹک بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے اس موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایرانی فضائیہ میں ان نئے لڑاکے طیاروں کی شمولیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی پابندیاں ان کی صلاحیتوں کو محدود نہیں کر سکتی ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ 2017 میں کوثر لڑاکا طیارے کی نقاب کشائی کی گئی اور اسی سال اس کی پڑوڈکشن لائن شروع کر دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کرونا (کورونا) وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ان مشکل حالات میں ایسے تین ’کوثر‘ نامی طیاروں کا آپریشنل ہونا اس تنظیم کے ماہرین کی کاوشوں کو ظاہر کرتا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اکتوبر 2018 میں یک طرفہ طور پر ایران کے جوہری پروگرام پر تاریخ ساز بین الاقوامی معاہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا اور اس کے ساتھ ہی ایران پر دوبارہ اقتصادی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

جنرل حاتمی نے کہا کہ جو کمپنیاں آج ان کے ساتھ کام کر رہی ہیں وہ معیار کے اعلیٰ سطح پر ہیں۔ ’ان تین لڑاکا طیاروں کی فراہمی دشمنوں خصوصاً امریکیوں کو ایک پیغام ہے اور وہ یہ ہے کہ جو پابندیاں انہوں نے ایران کے خلاف عائد کی تھیں ان سے کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔‘

ایرانی وزیر دفاع نے کہ انہوں نے 40 سال کے لیے ان کے خلاف پابندیاں عائد کیں تاکہ ’ہم یہ سازو سامان استعمال نہ کرسکیں لیکن اب وہ خود ہی ان کو تیار اور استعمال کر رہے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کہا جاتا ہے کہ کوثر نامی یہ طیارے امریکی ایف 5 طرز کے ہیں جو جدید ایوانکس سے مسلح ہیں۔ ان کا باضابطہ افتتاح 2018 میں صدر حسن روحانی نے کیا تھا اور اس وقت اس قسم کے سات طیارے فضائیہ میں شامل کیے گئے تھے۔  

انہوں نے کہا کہ امریکی ان کی برآمدات اور تجارتی لین دین کے خلاف پابندیوں کو مزید توسیع دینے کے خواہاں ہیں تاکہ وہ برآمدات نہ کرسکیں۔ ’لیکن امریکہ اور دیگر دشمن عناصر جان لیں کہ ہم ترقی اور پیشرفت کے اسی راستے پر مزید طاقت سے گامزن ہو جائیں گے۔‘

ایران کی قیادت بظاہر امریکی پابندیوں کے آگے گھٹنے ٹیکنے پر تیار نہیں ہے اور پرعزم ہے کہ وہ ان کا مقابلہ کر لیں گے لیکن ایران کی معیشت پر اقتصادی پابندیوں کے شدید اثرات نظر آنا شروع ہوئے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا