وہ ڈرامے کرنا چاہتی ہوں، جن میں گھریلو تشدد کو فروغ نہ ملے: اشنا شاہ

انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اشنا نے واضح کیا کہ وہ خود کو ایک اداکار سجھتی ہیں اور اس صنعت میں ہیروئن بننے نہیں آئی تھیں۔

پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے سات سال قبل ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا اور اس دوران انہوں نے کئی مقبول عام ڈرامے کیے جن میں 'بشر مومن'، 'نیلم کنارے'، 'تھوڑا سا آسمان'، 'لشکارا' اور 'بلا' شامل ہیں۔

اشنا شاہ کی والدہ عصمت طاہرہ بھی ریڈیو اور ٹی وی کی معروف اداکارہ رہ چکی ہیں۔

حال ہی میں ان کے ایک نئے ڈرامے 'بندھے اک ڈور سے' کا آغاز ہوا ہے جس میں وہ احسن خان اور حنا الطاف کے ساتھ کام کررہی ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو نے اشنا شاہ سے خصوصی انٹرویو میں ان کے اب تک کے فنی سفر خصوصاً نئے ڈرامے کے بارے میں پوچھا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ وہ مشہور ڈرامے 'اڈاری' کے مرکزی کردار احسن خان کے ساتھ کام کررہی ہیں۔ احسن کے بارے میں اشنا کا کہنا تھا کہ ان سے اب پکی دوستی ہوگئی ہے، وہ اداکار کے ساتھ ساتھ ایک اچھے انسان بھی ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے کا بہت عمدہ تجربہ رہا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اشنا شاہ نے اس سے پہلے ’بلا‘ نامی ایک ڈرامے میں منفی کردار بھی کیا تھا جس سے ان کو کافی شہرت ملی تھی۔ اس ڈرامے کو یاد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'منفی کردار کرتے ہوئے یہ ڈر ہوتا ہے کہ کہیں آپ پر اس کی چھاپ نہ لگ جائے، لیکن کیونکہ میں نے ابتدا ہی سے مثبت کردار ادا کیے ہیں، اس لیے میں ایک طرح کے کردار کرتے کرتے اکتا گئی تھی، میں ہر کردار کو علیحدہ علیحدہ دیکھتی ہوں، اسے مثبت یا منفی نہیں دیکھتی۔'

اشنا شاہ کو ڈرامے میں پہلی بار شہرت 'بشر مومن' سے ملی تھی جس میں انہوں نے فیصل قریشی کے ساتھ کام کیا تھا، اس ڈرامے کو یاد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ شکرگزار ہیں کیونہ وہ ان کا پہلا میگا سیریل تھا۔

اشنا نے واضح کیا کہ وہ خود کو ایک اداکار سجھتی ہیں اور اس صنعت میں ہیروئن بننے نہیں آئی تھی۔ بطور اداکار ان کا کام ہے کہ وہ مختلف قسم کے کردار نبھائیں اور وہ یہی کرنا چاہتی ہیں کیونکہ انہیں مزہ ہی تب آتا ہے۔

اشنا شاہ نے ایک فلم ’تیری میری لو اسٹوری ‘ میں کام کیا تھا، اس کے بعد انہوں نے ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں ایک کلب ڈانس نمبر کیا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے کوئی فلم نہیں کی۔ اس بارے میں جب اشنا سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ سٹیون اپیلبرگ (ہالی وڈ) سے فون آتا رہتا ہے مگر ابھی انہیں انتظار کروا رہی ہوں۔

'آئٹم نمبر کے خلاف نہیں'

فلموں میں آئٹم نمبر سے متعلق اشنا شاہ نے کہا کہ وہ اس کے ہرگز خلاف نہیں ہیں۔ ’میں چاہتی ہوں کہ اگر میں کسی فلم میں آئٹم نمبر کروں تو وہ بہت اچھا ہو‘۔

اشنا شاہ نے مزید کہا کہ اب تک پاکستان میں بہت اچھے اور گلیمرس آئٹم نمبر ہوچکے ہیں تو میں اپنے پارٹی ڈانس نمبر کا موازنہ ان سے نہیں کرنا چاہتی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ان فلموں میں کام کرنا چاہتی ہیں جہاں چیلنجنگ کردار ہو اور جن میں انہیں اداکاری دکھانے کا بھرپور موقع ملے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن