پنجگور: خالی مکان کے ٹوائلٹ سے 12 سالہ بچے کی ہڈیاں برآمد

ڈیڑھ ماہ قبل گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہونے والے بچے کی صرف کھوپڑی، ہاتھ اور پیر کی ہڈیاں ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق   یہ علاقے میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے(روئٹرز فائل فوٹو)

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ڈیڑھ ماہ قبل گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہونے والے بچے فقیر جان کی باقیات جمعرات (16 جولائی) کو سوردو کے علاقے میں ایک خالی مکان کے ٹوائلٹ سے برآمد ہوئی ہیں۔ 

پولیس کے مطابق مکان سے صرف کھوپڑی، ہاتھ اور پیر کی ہڈیاں ملی ہیں جبکہ قریب ہی پڑے کپڑوں سے لواحقین نے بچے کی شناخت کی۔

سریکوران پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او جاوید احمد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ مقامی افراد نے ایک خالی مکان میں انسانی باقیات کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جس پر انہوں نے نفری کے ہمراہ جا کر معائنہ کیا تو وہاں چند ہڈیاں برآمد ہوئیں۔  

ایس ایچ او نے بتایا کہ باقیات ملنے کے بعد انہوں نے ایک لاپتہ بچے فقیر جان کے والد کو بلا کر معائنہ کروایا تو انہوں نے کپڑوں سے بچے کو شناخت کر لیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 

ایس ایچ او کے مطابق فقیر کے والد غلام رسول نے چار جون کو تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی تھی کہ ان کا بیٹا گھر سے نکلنے کے بعد واپس نہیں آیا لہٰذا اس کے اغوا کا مقدمہ درج کیا جائے۔

ایس ایچ او جاوید احمد نے بتایا کہ جس مکان سے باقیات ملی ہیں اس کے مکین بحرین گئے ہوئے ہیں جبکہ پڑوس کے گھر میں بھی کوئی رہائش پذیر نہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ علاقے میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے اور پولیس نے ہڈیاں قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کردی ہیں تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

دوسری جانب پولیس نے تین مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان