پشاور بی آرٹی میں سفر کے لیے 'زو' کارڈ کیسے استعمال کریں؟

بی آرٹی بسوں میں سفر کے لیے اے ٹی ایم طرز کا ایک کارڈ ضروری ہے۔ یہ کارڈ کہاں سے ملے گا؟ اور اسے کیسے ریچارج کریں گے؟ دیکھیے اس ویڈیو میں۔

بی آر ٹی بسوں میں سفر کرنا پشاور کی پرانی بسوں کی طرح نہیں ہو گا کہ آپ بس میں داخل ہوئے اور کنڈیکٹر آپ سے کرایہ مانگیں گے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق پشاور بس ریپڈ ٹرانسٹ(بی آرٹی) منصوبہ مکمل ہو گیا ہے اور ان دنوں ٹیسٹ ڈرائیو جاری ہے، جس کے بعد عنقریب منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔

پشاور کے لوگ بہت جلد ان خصوصی بسوں پر سفر کر سکیں گے۔ تاہم ان بسوں میں سفر کرنا پشاور کی پرانی بسوں کی طرح نہیں ہو گا کہ آپ بس میں داخل ہوئے اور کنڈیکٹر آپ سے کرایہ مانگیں گے۔

بی آرٹی بسوں میں سفر کرنے سے پہلے اے ٹی ایم کی طرز کا ایک کارڈ، جسے 'زو کارڈ' کہا جاتا ہے، استعمال ہو گا۔ 'زو' پشتو میں 'چلیے' کو کہتے ہیں۔

زو کارڈ کیسے لیں گے؟ یہ کہاں سے دستیاب ہو گا؟ اور اسے ریچارج کرنے کا طریقہ کیا ہوگا؟ یہ سب جاننے کے لیے انڈپینڈنٹ اردو نے بی آرٹی آپریشنز کو چلانے والی کمپنی ٹرانس پشاور کے بزنس اینڈ ڈویلپمنٹ ماہر عالمگیر بنگش سے بات کی۔

نیا کارڈ لینے کا طریقہ

بنگش نے بتایا کہ بی آرٹی بس میں سفر کرتے وقت ہر مسافر کے پاس 'زو' کارڈ ہونا لازمی ہے، اس کے بغیر سفر ممکن نہیں۔ انھوں نے بتایا کہ زو کارڈ لینے کا طریقہ بہت آسان ہے۔

'اگر کوئی شخص بی آر ٹی بس میں سفر کرنا چاہتا ہے تو سٹیشن میں داخل ہونے کے دو طریقے ہیں۔ ایک طریقہ سیڑھیوں پر سٹیشن کی طرف آتا ہے اور دوسرا معذور افراد کی سہولت کے لیے ریمپ ہے، جسے استعمال کر کے سٹیشن میں داخل ہو سکتے ہیں۔

سٹیشن میں داخل ہونے کے بعد آپ کو دو کاؤنٹر نظر آئیں گے۔ ایک کو 'ٹکٹنگ کاؤنٹر' کہتے ہیں، جہاں آپ کو عملہ بھی نظر آئے گا۔ اگر مسافر یک طرفہ سفر کرنا چاہتا ہے تو ٹکٹ کاؤنٹر سے ٹکٹ خریدنے کے ذریعے بھی کر سکتا ہے۔ ٹکٹ کاؤنٹر کے ساتھ ہی آپ کو اے ٹی ایم طرز کی ایک مشین نظر آئے گی، جس کے ذریعے مسافر نیا زو کارڈ ریچارج کر سکتے ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ مشین میں آپ کو زبان کا انتخاب کرنا ہوگا، جس کے بعد آپ کو مختلف آپشنز جیسا کہ نیا کارڈ خریدنا، کارڈ ریچارج کرنا سکرین پر نظر آئے گا۔ 'ہر مسافر ضرورت کے مطابق آپشن کا انتخاب کرے گا، اس کے بعد اگر نیا کارڈ خریدنا یا ریچارج کرنا ہے تو اگلی سکرین پر آپ جتنا ریچارج کرنا چاہتے ہیں وہ ہندسہ دبائیں گے۔

اگلے مرحلے میں سکرین پر آپ کو نظر آئے گا کہ کیش، ڈیبٹ کارڈ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ریچارج کرنا ہے، تو مسافر اس میں سے ایک کا انتخاب کرے گا۔ جس کے بعد مشین ہی میں موجود ایک خانے میں کیش ڈالنا ہوگا اور مشین خود بخود رقم آپ کے کارڈ میں ڈال دے گی اور آپ کو کارڈ نیچے ایک دوسرے خانے میں سے واپس مل جائے گا۔

دوسرا مرحلہ

بنگش کے مطابق کارڈ ریچارج یا نیا کارڈ خریدنے کے بعد مسافر گیٹ کی طرف جائیں گے جس کے ذریعے وہ بس سٹیشن میں داخل ہو جائیں گے۔ گیٹ عبور کرنے سے پہلے سکیورٹی واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد کارڈ کو گیٹ کے ساتھ منسلک ایک جگہ پر سوائپ کریں گے اور گیٹ کھل جائے گا۔

تیسرا مرحلہ

تیسرے مرحلے میں آپ بس جہاں رکتی ہے اس جگہ پر داخل ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بنگش نے بتایا کہ سٹیشن کے اندر مختلف سائن بورڈز آویزاں ہیں جو مسافر کی رہنمائی کرتے ہیں کہ انھیں کس سمت اور کون سی جگہ سفر کرنا ہے تاکہ مسافر اسی بس میں سوار ہو سکیں۔

انھوں نے بتایا کہ بس سٹیشن پر رکے گی تو مسافر بس میں داخل ہونے کے لیے شیشے کے ایک آٹومیٹک گیٹ کے ذریعے اندر داخل ہوں گے اور اپنا سفر شروع کریں گے۔ بس سے اترنے کے لیے آپ کو اسی طرح گیٹ سے واپس گزرنا ہوگا تاکہ آپ سے آپ کے مقررہ سفر کے مطابق کرایہ زو کارڈ سے چارج کیا جائے۔

انھوں نے بتایا کہ اگر مسافر گیٹ کی بجائے کسی اورطریقے سے بس سے اتریں گے تو ان پر کرایہ چڑھتا جائے گا کیونکہ جب آپ گیٹ کے ذریعے سٹیشن سے باہر نہیں نکلیں گے تو مشین کو پتہ نہیں چلے گا کہ آپ نے سفر مکمل کیا ہے یا نہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان