’یہ لڑکا ویراٹ کوہلی ہوتا تو ہر کوئی اس کے بارے میں بات کر رہا ہوتا‘

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے اولین ٹیسٹ کے پہلے دن بابر اعظم نے اپنی پراعتماد بیٹنگ سے مداحوں سے داد لینے کا اپنا سلسلہ جاری رکھا اور انگلیںڈ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے انہیں کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کردیا۔ 

کھیل ختم ہونے تک بابر اعظم 69 رنز بنا چکے تھے (اے ایف پی)

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے اولین ٹیسٹ کے پہلے دن بابر اعظم نے اپنی پراعتماد بیٹنگ سے مداحوں سے داد لینے کا سلسلہ جاری رکھا اور انگلیںڈ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے انہیں کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کر دیا۔ 

 پاکستان نے تاریخی اولڈ ٹریفرڈ گراؤنڈ میں پہلی اننگز میں دو وکٹ کے  نقصان پر 139 رنز بنائے۔ 

ابرآلود موسم میں پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

 ان کا موقف تھا کہ وکٹ خشک ہے اور گھاس نہیں ہے اس لیے پہلے بیٹنگ سودمند ثابت ہوگی۔ 

پاکستان کی طرف سے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے باز محتاط انداز میں کھیلتے رہے تاہم جب پاکستان کامجموعی سکور 36 رنز پر پہنچا تو جوفرا آرچر نے عابد علی کو 16 رنز پر بولڈ کردیا۔

اگلے آنے والے بلے باز کپتان اظہر علی کی خراب فارم کا سلسلہ جاری رہا وہ کوئی رنز بنائے بغیر کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے بعد بابر اعظم کھیلنے آئے اور انہوں نے ابتدا میں محتاط بیٹنگ کی اور شان مسعود کے ساتھ آہستہ آہستہ سکور کو بڑھاتے رہے۔ 

تاہم کھانے کے وقفے کے بعد بابر اعظم نے پر اعتماد بیٹنگ کی اور کئی خوبصورت شاٹ کھیلے۔ 

کھیل ختم ہونے تک وہ ناقابل تسخیر 69 رنز بناچکے تھے۔ یہ ان کی 14ویں نصف سنچری ہے۔

ان کے ساتھ شان مسعود 46 کے سکور پر کریز پر موجود ہیں۔

شان مسعود پہلے دن خوش قسمت رہے۔ انگلش وکٹ کیپر جوس بٹلر نے دو دفعہ انہیں کیچ اور سٹمپ کرنے کاموقع ضائع کیا۔  

پہلے دن دو دفعہ بارش کی وجہ سے کھیل روکا گیا جبکہ آخری گھنٹے کا کھیل کم روشنی کے باعث نہ ہوسکا۔ اس طرح صرف 49 اوورز کاہی کھیل ہوسکا۔ 

بابر اعظم کی پرفارمنس نے انہیں انگلینڈ کے سابق بیٹسمین اور کمنٹیٹر ناصر حسین سے داد حاصل کروائی۔

میچ کے حوالے سے تجزیے میں ناصر حسین کا کہنا تھا: ’اگر یہ لڑکا ویراٹ کوہلی ہوتا تو ہر کوئی اس کے بارے میں بات کر رہا ہوتا مگر کیوں کہ بابر اعظم ہے تو کوئی اس کے بارے میں بات نہیں کر رہا۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’بابر اعظم نوجوان ہے، اس کی بیٹنگ دیکھنے میں اعتماد اور سٹائل ہے۔ ہر کوئی ’فیب فور‘ (موجودہ کرکٹ کے چار بہترین بیٹسمین) کی بات کرتا ہے مگر یہ ’فیب فور‘ نہیں ’فیب فائیو‘ ہے کیوں کہ بابر اعظم بھی اس میں ہے۔‘

تجزیہ کار دنیائے کرکٹ کے چار بہترین بلے بازوں کے لیے ’فیب فور‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں اور ان چار بلے بازوں میں ویراٹ کوہلی، سٹیو سمتھ، کین ویلیئمسن، اور جو روٹ شامل ہیں۔

ناصر حسین کے اس بیان کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی شیئر کیا ہے۔

اس کے علاوہ ناصر حسین نے بابر اعظم کی بیٹنگ کا تجزیہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا:  ’بابر اعظم کی کور ڈرائیو سے کوئی چیز اچھی نہیں۔‘

بھارتی ٹی وی چینل ’آج تک‘ کے ایگزیکٹو ایڈیٹر وکرانت گپتا نے بھی اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ بابر اعظم ’فیب فور‘ میں شامل ہونے کے صحیح امیدوار ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ