وزیر اعظم عمران خان کا کیک مجسمہ بنانے کی خواہش مند ترک بیکر

انتہائی حقیقی دکھنے والے کیک بنانے والی ترک بیکر طوبیٰ گیچکل کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان سے بہت متاثر ہیں اور انہیں ایسا کیک تحفے میں دینا چاہیں گی۔

کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر انتہائی حقیقی دکھنے والے کیکس کی ویڈیوز اور تصاویر کافی وائرل ہوئیں۔ ان کیکس میں ہاتھ دھونے کا صابن، سینیٹائزر، چکن کے لیگ پیس، ہنٹر بیف، سگریٹ کی ایشٹرے اور ایسی کئی روز مررہ کے استعمال کی چیزیں شامل تھیں جو اصل میں کیک تھے۔

لوگوں نے جب سوشل میڈیا پر بالکل اصل لگنے والے ہاتھ دھونے کے صابن، سینیٹائزر اور ایسی کئی چیزوں کو چھری سے کیک کی طرح کٹتے ہوئے دیکھا تو وہ کافی حیران ہوئے۔

ان کیکس کی خالق طوبیٰ گیچکل جن کا تعلق ترکی سے ہے، انہیں اپنے انتہائی حقیقت پسندانہ کیکس کی ذریعے لوگوں کو حیران کرنا بہت اچھا لگتا ہے۔ وہ اکثر اپنے کیکس کے ساتھ ہیش ٹیگ 'ایوری تھنگ اس کیک' لگا کر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نت نئے کیکس کی وڈیوز اور تصاویر شائع کرتی رہتی ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو بات کرتے ہوئے طوبیٰ کا کہنا تھا کہ وہ ہر چیز کو کیک کی صورت میں بنا سکتی ہیں۔ ان کے لیے یہ بالکل بھی مشکل نہیں۔ ان کے مطابق وہ عام طور پر استعمال ہونے والی چیزوں کا اچھی طرح مشاہدہ کرتی ہیں اور اگر انہیں انسانوں کی شکل پر مبنی کیکس بنانے ہوں تو وہ ان کو بھی غور سے دیکھتی ہیں۔

اس طرح سے ان کے ذہن میں ہر چیز کی ایک تصویر بن جاتی ہے جسے وہ کیک کی صورت میں حقیقت سے انتہائی قریب تر بنانے کے لیے ہر وہ چیز استعمال کرتی ہیں جو کھانے کے قابل ہو۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

طوبیٰ گیچکل پچھلے پندرہ سالوں سے اس شعبے سے وابستہ ہیں۔ وہ متعدد بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے کیکیس کی وجہ سے سونے اور چاندی کے تمغے حاصل کرچکی ہیں۔ 2016 میں جرمنی میں ہونے والے ایک مقابلے میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جرمنی کی چانسلر انگیلا مرکل کے کیک پر مبنی مجسمے بنا کر سونے کا تمغہ جیتا تھا اور عالمی شہرت حاصل کی تھی۔

پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے طوبیٰ گیچکل کا کہنا تھا: 'جب بھی میں پاکستان کے بارے میں سوچتی ہوں مجھے تو اپنے پچپن کا وقت یاد آجاتا ہے جب میری والدہ مجھے پاکستانی گانے گا کر سنایا کرتی تھیں۔ مجھے پاکستان کے عوام بہت محبت کرنے والے لگتے ہیں اور میری خواہش ہے کہ میں جلد پاکستان کے لوگوں سے مل سکوں۔'

انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ اگر وہ پاکستان آئیں تو وہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو ان کے جیسا کیک کا مجسمہ بنا کر دیں گی۔ وہ وزیر اعظم عمران خان کی شخصیت سے کافی متاثر ہیں۔

ان کا کہنا تھا: 'عمران خان ہر فن مولہ ہیں، وہ کئی ہنر کے مالک ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ بہت دور اندیش، سمجھدار اور حساس ہیں۔ وہ پاکستان کی حکمرانی میں کافی اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ مستقبل میں اور بہت کچھ کریں گے۔'

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا