احسان کے فرار کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے: فوج

پاکستان نے دنیا کے سامنے کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، کلبھوشن یادو کو کوئی رعایت نہیں دے رہے: ڈی جی آئی ایس پی آر کی کرونا وبا کے بعد پہلی میڈیا بریفنگ۔

پاکستان فوج  نے کہا ہے کہ شدت پسند تنظیموں کے ایک سابق ترجمان احسان اللہ احسان سے ملنے والی معلومات ملک میں دہشت گردی کے ڈھانچے کو تباہ کرنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوئیں تاہم ان کے فرار میں ملوث افراد کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا رہی ہے۔

تاہم انہوں نے ان افراد جن کے خلاف ان کے فرار کی وجہ سے کارروائی ہو رہی ہے ان کی تفصیل نہیں بتائی۔

پاکستان فوج کے مرکزی ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے جمعرات کو راولپنڈی میں کرونا وبا کے آغاز کے بعد پہلی میڈیا بریفنگ میں  احسان  اللہ احسان کے حالیہ مبینہ آڈیو بیان کو ’مکمل طور پر بےبنیاد'  قرار دیا۔

اپنے تازہ مبینہ آڈیو بیان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور جماعت الاحرار کے سابق ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ چونکہ ان کے پاس دہشت گردی کے نیٹ ورک کی ترجمانی کی ذمہ داری تھی لہٰذا  ان کے پاس کوئی خاص آپریشنل معلومات نہیں تھیں۔

فوج کے ترجمان نے تسلیم کیا کہ وہ ایک کارروائی میں احسان اللہ احسان کو استعمال کر رہے تھے کہ وہ فرار ہوگیا۔ ’آپ خود فیصلہ کریں کہ وہ اب ایسا کیوں کہہ رہے ہیں۔‘

تاہم احسان اللہ احسان سے منسوب ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جنرل بابر کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے چیلنج کیا گیا ہے۔ احسان اللہ احسان کے اکاؤنٹ سے کہا گیا کہ وہ چیلنج کرتے ہیں کہ مذکورہ آپریشن کی تفصیلات جاری کی جائیں۔ 'اگر آپ مکمل تفصیلات شیئر نہیں کر سکتے تو اتنا ہی بتا دیں کہ یہ آپریشن کب اور کہاں ہوا، میں آپ کو ریکارڈ اور شواہد کی مدد سے غلط ثابت کروں گا۔' 

لائن آف کنٹرول

پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی سیز فائر کی اپیل کے باوجود بھارت نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اپنی کارروائیاں جاری رکھیں اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال اب تک بھارت نے ایک ہزار 927 مرتبہ سیز فائر معاہدے کے خلاف ورزی کی۔ ’ہم بطور پیشہ ور آرمی بھارت کی صرف ان پوسٹس کو نشانہ بناتے ہیں جہاں سے سیز فائر کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔‘

کشمیر

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے اپنے زیر انتظام کشمیر میں ایک سال سے نسل کشی اور مقبوضہ (خطے) میں انسانی حقوق کی پامالی کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک پہلے سے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خطے کی آبادی کو تبدیل کر کے بھارت وہاں رہنے والے مسلمانوں کو بےدخل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

کراچی سٹاک ایکسچینج حملہ

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جنرل بابر کا کہنا تھا کہ کراچی سٹاک ایکسچینج پر ناکام حملہ ہو یا دہشت گردوں کے لیے منی لانڈرنگ، ان تمام کیسز کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے سامنے کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے میں 'کوئی کسر نہیں چھوڑی'۔

افغانستان

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کی بحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا اور وہ امید کرتے ہیں کہ افغان امن عمل جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانوں کے بعد اگر افغانستان میں کوئی امن چاہتا ہے تو وہ پاکستان ہے۔

بلوچستان

صوبہ بلوچستان سے متعلق انہوں نے کہا کہ صوبے میں کچھ عرصے سے ملک دشمن قوتیں امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کے درپے ہیں لیکن پاکستان کے سکیورٹی ادارے ان عزائم کو ناکام بنانے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔ ’اس سلسلے میں بہت اہم پیش رفت ہوئی ہے جو مناسب وقت پر آپ کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔‘

کلبھوشن یادیو

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے بارے میں انہوں نے اس تاثر کی نفی کی کہ انہیں رعایت دینے کی کوئی کوشش کی جا رہی ہے۔ ’بالکل نہیں، ایسا کچھ نہیں ہو رہا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد وہ پہلے حاضر سروس اہلکار ہیں جنہیں جاسوسی کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ ’پاکستان محض بین الاقوامی ذمہ داری پوری کر رہا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان