چینی صدر شی جنگ پنگ کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ ایک مشترکہ مستقبل اور خطے کے ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق چینی صدر کی جانب سے پاکستان کے صدر عارف علوی کے نام لکھے گئے خط میں صدر شی جنگ پنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین دونوں 'خطے میں امن اور ترقی کی رفتار' کو جاری رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
خط میں چینی صدر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے بعد بین الااقوامی کوششوں نے ثابت کیا ہے کہ وبا کو صرف مشترکہ جدوجہد، یکجہتی اور تعاون ہی سے شکست دی جا سکتی ہے۔
چینی صدر پاکستان کے صدر عارف علوی کی جانب سے بھیجے جانے والے اس تہنیتی خط کا جواب دے رہے تھے جو انہوں نے سی پیک کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے مشترکہ لائحہ عمل کی دوسری کانفرنس کے موقع لکھا تھا۔ پاکستانی صدر نے اپنے خط میں چین پاکستان تعلقات اور سی پیک کی اہمیت بیان کی تھی۔
چینی صدر شی جو کہ چین کی حکمران جماعت چینی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل بھی ہیں ان کا اپنے خط میں کہنا تھا کہ 'چین اور پاکستان برادر اور پارٹنر ممالک ہیں اور دونوں کے درمیان بہت خاص دوستی ہے۔'
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خط میں چینی صدر کا کہنا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ اور سی پیک چین پاکستان کے تعلقات کو مزید بڑھاتے ہوئے مستقبل میں چین اور پاکستان کے درمیان ایک مشترکہ مستقبل کی بنیاد رکھے گا۔
چینی آن لائن اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق خط میں چینی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی سیاسی جماعتیں اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے سی پیک کے حوالے سے سے مشاورت کرتی رہتی ہیں۔ اسی سلسلے کی دوسری ملاقات جمعرات کو آن لائن منعقد کی گئی تھی۔
جمعرات اور جمعے کو پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان دو روزہ تذویراتی مذاکراتی اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی گئی۔
گلوبل ٹائمز کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ نے اپنے دورہ چین کو 'بہت اہم دورہ' قرار دیا ہے۔ جبکہ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان چین کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔