ہم پر ففتھ جنریشن وار مسلط کی گئی ہے: جنرل قمر جاوید باجوہ

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر نیا چیلنج مسلط کیا گیا ہے، جس کا مقصد ملک اور افواج پاکستان کو بدنام کرکے انتشار  پھیلانا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ فوجی اعزازات دینے کی تقریب سے خطاب کے دوران (ویڈیو سکرین گریب)

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ففتھ جنریشن وار یا ہائبرڈ وار ہم پر مسلط کی گئی ہے، جس سے ہم بخوبی آگاہ ہیں۔

6 ستمبر کو یوم دفاع پاکستان کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ فوجی اعزازات دینے کی تقریب سے خطاب کے دوران اپنی تقریر میں آرمی چیف نے کہا:'میں آپ کی توجہ ایک اور چیلنج کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں اور یہ چیلنج ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر مسلط کی گئی ہے۔ اس کا مقصد ملک اور افواج پاکستان کو بدنام کرکے انتشار  پھیلانا ہے۔ ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں۔ قوم کے تعاون سے اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم  انشا اللہ ضرور کامیاب رہیں گے۔'

اپنی تقریر کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 'گذشتہ 20 برسوں میں ہم بڑی آزمائشوں سے گزرے ہیں، مشرقی اورمغربی سرحدوں میں حالت جنگ کا سامنا رہا، زلزلے اور سیلاب جیسی آزمائشیں درپیش رہیں، دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف ہم نے اعصاب شکن جنگ لڑی، ہزاروں افراد کی قربانی دی اور لاکھوں دربدر ہوئے جبکہ حال ہی میں کرونا وائرس اورٹڈی دل جیسی آفت کا سامنا رہا، جس کا ہم نے مقابلہ کیا، آزمائش کی ان تمام گھڑیوں میں ہم حوصلہ نہیں ہارے بلکہ سینہ تان کر ڈٹ گئے جس کی بدولت اللہ نے ہمیں فتح دی'۔

بھارت کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا: 'ہمارا ہمسایہ ملک نے ہمیشہ کی طرح غیرذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، خاص طور پر اپنے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیرقانونی اقدام کے بعد خطے کے امن کو ایک مرتبہ پھر خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کردیا ہے'۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ساتھ ہی انہوں نے کہا: 'اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اورہم کسی بھی یک طرفہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے ہیں'۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا: 'بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا۔ میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ان کے اس قول کا ہر لفظ ہمارے لیے اہم اور ایمان کا حصہ ہے۔ اس  حوالے سے ہم کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ ہمیں نہ تو نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب کیا جا سکتا ہے اور  نہ ہی ہم پر کوئی دھمکی اثرانداز ہوسکتی ہے۔'

دوران تقریر آرمی چیف نے مزید کہا: 'پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن اگر ہم پر جنگ تھوپی گئی تو ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، جس کا مظاہرہ ہم نے بالاکوٹ کے ناکام حملے کے جواب میں دیا، اس لیے دشمن کو کوئی شک نہ ہو۔'

انہوں نے مزید کہا کہ 'افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر اور دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔'

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان