کرونا وائرس: بھارت دنیا کا دوسرا متاثرہ ترین ملک بن گیا

گذشتہ دو دنوں میں بھارت ایک لاکھ 80 ہزار مزید مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد بھارت برازیل کو پیچھے چھوڑ کر کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا سب سے متاثرہ ملک بن گیا ہے۔

بھارت نے بھی لاک ڈاؤن نافذ کیا مگر اس کا بظاہر زیادہ فائدہ نہیں ہو سکا (اے ایف پی)

پیر کو بھارت کرونا (کورونا) وائرس کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے برازیل کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا دوسرا سب سے متاثرہ ملک بن گیا۔

کرونا وائرس کے دنیا بھر میں کیسوں پر نظر رکھنے والی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی ویب ویب سائٹ کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس کے کل متاثرین کی تعداد 42 لاکھ چار ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ اس دوران وہاں 71 ہزار 642 افراد اس وائرس کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

گذشتہ روز تک برازیل دنیا میں دوسرے نمبر تھا، لیکن اب وہ 41 لاکھ 37 ہزار کے لگ بھگ مریضوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ تاہم برازیل میں ہلاکتیں بھارت سے زیادہ ہوئی ہیں اور تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق وہاں کرونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسی ویب سائٹ کے مطابق امریکہ 62 لاکھ کیسوں اور ایک لاکھ 88 ہزار 941 اموات کے ساتھ دنیا بھر میں سرِ فہرست ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے ڈیٹا کے مطابق بھارت میں گذشتہ صرف دو دنوں میں ایک لاکھ 80 ہزار مریض سامنے آئے ہیں، جب کہ انہی دو دنوں میں برازیل میں 46 ہزار نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔

خبررساں ادارے روئٹرز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھارت میں کرونا وائرس کے کیسوں میں مزید تیزی آئے گی، کیوں کہ اسی دوران ملک کے کئی شہروں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کئی مہینوں سے بند زیرِ زمین ریلوے سروس بھی بحال کی جا رہی ہے۔

دہلی کی جواہر لال یونیورسٹی کے کمیونٹی ہیلتھ کے پروفیسر رجب داس گپتا نے روئٹرز کو بتایا: ’اب یہ دہرا بوجھ بنتا جا رہا ہے۔ شہری علاقوں میں کیس رکنے کا نام نہیں لے رہے اور دیہی علاقے رفتار پکڑتے جا رہے ہیں۔‘

بھارت میں کئی مہینوں سے لاک ڈاؤن نافذ تھا، اس کے باوجود کرونا پر قابو نہیں پایا جا سکا، الٹا لاک ڈاؤن کی وجہ سے معیشت کا پہیہ رک گیا جس کی وجہ سے کرونا کیسوں میں تیزی کے باوجود بھارت نے جزوی طور پر لاک ڈاؤن اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق پیر کے روز نئی دہلی کی میٹرو ریل پانچ ماہ کی بندش کے بعد کھل گئی ہے۔ ایک مسافر دیپک کمار نے اے ایف پی کو بتایا، ’زندگی چلانے کے لیے ہمیں گھروں سے باہر نکلنا ہے ۔ ۔ ۔ اس لیے یہ حکومت کی جانب سے اچھا قدم اٹھایا ہے۔‘

البتہ حکام نے ٹرین میں سفر کے لیے سخت قواعد و ضوابط نافذ کر رکھے ہیں جن میں ماسک کا لازمی استعمال، سماجی فاصلہ اور درجۂ حرارت کی چیکنگ شامل ہیں۔  

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت