دنیا کا وہ ملک جس کا کرونا کچھ نہ بگاڑ سکا

آسٹریلیا کے شمال میں جزائر پر مشتمل ملک وانواتو میں اب تک کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، جبکہ اس سال جنوری سے لے کر جون تک وانواتو کا بجٹ سرپلس 3.33 کروڑ ڈالر رہا۔

وانواتو  کا ایک منظر(ای گائیڈ ٹریول/ کریوٹیو کامنز)

سعودی میڈیا ادارے العربیہ نے رپورٹ کیا ہے کہ تقریباً نو ماہ قبل کرونا (کورونا) وائرس کے نمودار ہونے کے بعد اس مہلک وبائی مرض نے دنیا بھر کے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور تمام ممالک کی معیشت پر کاری ضرب لگائی، تاہم ایک ملک 'وانواتو' کا معاملہ یکسر مختلف رہا۔

آسٹریلیا کے شمال میں جزائر پر مشتمل ملک وانواتو کا سمندری اور خشکی کا مجموعی رقبہ 12 ہزار مربع کلو میٹر ہے اور کل آبادی 2.9 لاکھ  ہے۔

'العربیہ ڈاٹ نیٹ' کے مطابق رواں سال 2020 میں جنوری سے لے کر جون تک وانواتو کا بجٹ سرپلس 3.33 کروڑ ڈالر رہا۔

ایک مقامی اخبار 'وانواتو ڈیلی پوسٹ' کے مطابق اس اقتصادی استحکام کا راز یہ تھا کہ وانواتو نے چند سال پہلے سے ہی اپنی شہریت اور پاسپورٹ فروخت کرنے کا پروگرام شروع کر دیا تھا، لہذا رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس ملک کی آمدنی میں 6.2 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

یہ گذشتہ برس اسی عرصے کے دوران ہونے والی آمدنی سے 32 فیصد جبکہ 2020 کے پورے سال میں متوقع آمدنی سے 80 فیصد زیادہ ہے۔

اخبار کے مطابق ایسا وزارت داخلہ میں شہریت کے محکمے کے سربراہ ڈونلڈ وارسل نے کہا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وانواتو نے 1980 میں برطانیہ اور فرانس سے آزادی حاصل کی۔ شہریت پروگرام کے تحت اس ملک نے ہر اس شخص کو اپنا پاسپورٹ فروخت کیا جو 1.3 لاکھ ڈالر ادا کرنے پر آمادہ تھا، خواہ اس نے وانواتو کی سرزمین پر قدم ہی نہ رکھا ہو۔

واضح رہے کہ وانواتو کے پاسپورٹ کا حامل شخص ویزے کے بغیر یورپی یونین کے ممالک میں داخل ہو سکتا ہے۔

وانواتو نے اپنے پاسپورٹ کی فروخت کے لیے دنیا بھر میں پھیلی ہوئی متعدد ایجنسیوں کو ذمہ داری سونپی۔ ہر پاسپورٹ کی فروخت پر اس ایجنسی کو 50 ہزار ڈالر کا کمیشن ملتا جبکہ بقیہ 80 ہزار وانواتو کی حکومت تک پہنچ جاتے۔

اس کے بعد 30 سے 60 روز کے اندر ادائیگی کرنے والے شخص کو پاسپورٹ مل جاتا۔ اس دوران درخواست دہندہ کی ان دستاویزات کی تصدیق کرلی جاتی ہے جو اس نے اپنی درخواست کے ساتھ جمع کروائی ہوں۔

وانواتو نے 2018 میں 1800 سے زیادہ پاسپورٹس فروخت کیے۔

کرونا وائرس سے پاک وانواتو کا ملک آسٹریلیا سے 1750 کلومیٹر دور مشرق میں 80 جزیروں پر مشتمل ہے۔ فضائی راستے سے آسٹریلا سے وانواتو جانے میں دو گھنٹے سے زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔

سپین نے 17 ویں صدی میں وانواتو کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ بعد ازاں یہ فرانس اور برطانیہ کے مشترکہ استعمار میں چلا گیا۔

اس کی معیشت کا انحصار بنیادی طور پر سیاحت اور شکار پر ہے۔ دنیا کے 189 ممالک کی فہرست میں غربت کے لحاظ سے وانواتو کا 141 واں نمبر ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا