اسرائیلی فورسز کا امداد کے منتظر مزید 4 فلسطینیوں کا قتل

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق امدادی قافلوں اور تقسیم مراکز پر فائرنگ سے اب تک 2000 سے زیادہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں ۔

24 اگست 2025 کو شمالی غزہ کی پٹی میں تباہی کے مناظر کے بیچ ایک بے گھر فلسطینی شخص اپنے خاندان کے لیے حاصل کیا گیا کھانا گرم کر رہا ہے (اے ایف پی)

اسرائیلی فورسز نے اتوار کو غزہ شہر کے جنوب میں ایک فوجی زون میں فائرنگ کر کے چار فلسطینیوں کو اس وقت قتل کر دیا جب وہ کھانے کی تقسیم کے مرکز کی طرف جا رہے تھے۔

ہسپتال حکام اور عینی شاہدین نے امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ یہ علاقہ فلسطینیوں کی جانب سے باقاعدگی سے خوراک اور امداد حاصل کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

یہ تازہ ترین اموات غزہ میں قحط کے خطرے اور شمالی حصے میں اسرائیلی فوج کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے دوران ہوئیں جہاں سب سے بڑے شہر پر قبضے کے لیے بڑے آپریشن کی تیاری کی جا رہی ہے۔

العودہ ہسپتال اور دو عینی شاہدین نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ چار فلسطینیوں کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن (جی ایچ ایف) کے زیر انتظام ایک مرکز کی طرف جا رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ مرکز سے سیکڑوں میٹر دور ہوئی۔

عارضی کیمپ کے رہائشی محمد عابد نے بتایا کہ ’اسرائیل کی جانب سے اندھا دھند گولیاں چلائی گئیں۔ بہت سے لوگ بھاگے لیکن کچھ وہیں گر پڑے۔‘

ایک اور امداد لینے والے شخص نے کہا کہ فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب بھیڑ میں سے کچھ لوگ مرکز کے سامنے والے حصے کی طرف بڑھنے لگے حالانکہ تقسیم کا عمل ابھی شروع نہیں ہوا تھا۔

اسرائیلی فوج اور جی ایچ ایف نے فوری طور پر ان اموات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

بھوک سے مرنے والوں میں اضافہ

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق امدادی قافلوں اور تقسیم مراکز پر فائرنگ سے اب تک دو ہزار سے زیادہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں اور 13,500 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ اتوار تک اسرائیلی جارحیت میں مارے جانے والوں کی مجموعی تعداد 62,686 تک پہنچ گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت کے مطابق اتوار کو غذائی قلت سے مرنے والوں کی تعداد آٹھ مزید اموات کے بعد 289 تک پہنچ گئی، جن میں 115 بچے شامل ہیں۔

بین الاقوامی ادارے انٹیگریٹڈ فوڈ سکیورٹی فیز کلاسیفیکیشن نے جمعے کو کہا کہ غزہ سٹی میں قحط شروع ہو چکا ہے اور یہ اگلے مہینے کے آخر تک دیر البلح اور خان یونس تک پھیل سکتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اتوار کو یمن کے دارالحکومت صنعاء میں حوثی فوجی مقامات کو نشانہ بنایا جن میں صدارتی محل کے قریب کے علاقے، بجلی گھر اور ایندھن کے ذخیرہ کرنے کی سہولت شامل ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق فوج نے ایک بیان میں کہا: ’یہ حملے حوثی ’دہشت گرد رجیم‘ کی جانب سے اسرائیل اور اس کے شہریوں پر بار بار کیے گئے حملوں کے جواب میں کیے گئے، جن میں حالیہ دنوں میں اسرائیلی علاقے کی طرف زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل اور ڈرونز کا داغا جانا شامل ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا