ٹمپریچر چیک کرنے پر اے سی کے محافظوں کا سکول گارڈ پر تشدد

وہاڑی میں ایک سکول کے دورے کے دوران کرونا ایس او پیز پر عملدآمد کرتے ہوئے درجہ حرارت چیک کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر کے گارڈز نے سکول کے سکیورٹی گارڈ پر تشدد کرنے کے بعد گرفتار کروا دیا۔

صوبہ پنجاب کے شہر وہاڑی میں بدھ کو ایک سکول کے دورے کے دوران کرونا (کورونا) ایس او پیز پر عملدآمد کرتے ہوئے درجہ حرارت چیک کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر کے گارڈز نے سکول کے سکیورٹی گارڈ پر تشدد کرنے کے بعد گرفتار کروا دیا۔

ضلع وہاڑی کے علاقے بورے والا میں واقع سکول کے مالک جاوید نثار کے مطابق: ’جب اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب سکول کے گیٹ پر اپنے پولیس گارڈز سمیت پہنچے تو وہاں ڈیوٹی پر تعینات سکیورٹی گارڈ محمد یوسف نے روک کر آلے سے درجہ حرارت چیک کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے انہیں دھکا دیا اور اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ اندر چلے گئے۔‘

’بعدازاں جیسے ہی سکول کے معائنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر واپس آئے تو ان کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں نے یوسف پر تشدد کرنا شروع کر دیا اور پھر انہیں پکڑ کر گاڑی میں ڈالا اور تھانے لے جا کر بند کروا دیا۔‘

جاوید نثار نے بتایا کہ ’اسسٹنٹ کمشنر کے گارڈز نے اپنی مدعیت میں سکول گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کرایا، جس میں ان پر الزام لگایاگیا ہے کہ انہوں نے کارِ سرکار میں مداخلت کی کوشش کی ہے۔‘

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس الزام کو سکول کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں نے جھوٹ ثابت کردیا۔

واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلے اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس اہلکار کس طرح اندر داخل ہوتے ہیں اور پھر باہر نکل کر سکیورٹی گارڈ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور گاڑی میں ڈال کر ساتھ لے جاتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جاوید نثار نے کہا کہ ایک طرف حکومت نے سکولوں میں کرونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا ہے، جس کے بعد ہم ان ایس او پیز پر عمل کر رہے ہیں لیکن اسسٹنٹ کمشنر جیسے اعلی عہدیدار ہی ان ایس او پیز کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سکول گارڈ غریب آدمی ہے اور ان کی دو معذور بچیاں ہیں، ان کے ساتھ اس طرح کا سلوک افسوس ناک ہے۔

دوسری جانب تشدد کا شکار سکیورٹی گارڈ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو پہچانا نہیں تھا، دوسرا سکول انتظامیہ کی ہدایت تھی کہ کسی کو بھی ماسک کے بغیر اور ٹمپریچر چیک کیے بغیر اندر نہیں جانے دینا۔

محمد یوسف کے مطابق: ’جب اسسٹنٹ کمشنر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ آئے تو کسی نے بھی ماسک نہیں پہن رکھا تھا جبکہ ٹمپریچر بھی چیک کرانے کی زحمت نہیں کی گئی، الٹا انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور تھانے لے جاکر بند کر دیا گیا۔‘

اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے اس معاملے پر موقف نہیں دیا۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) وہاڑی نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان