دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد بھی کرونا ویکسین کے ٹرائل میں شامل

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کی دو ویکسینز کے ٹرائل تیسرے فیز میں ہیں جن میں سے ایک چینی کمپنی سینوفارم اور دوسری روس نے بنائی ہے۔

 دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم ویکسین لگوا رہے ہیں (اے ایف پی)

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے منگل کو کہا ہے کہ انہیں کرونا (کورونا) وائرس کی تجرباتی ویکسین لگائی گئی ہے۔

اس طرح وہ ویکسین کے ٹرائلز میں شامل ہونے والے متحدہ عرب امارات کے تازہ ترین سرکاری عہدے دار بن گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کی دو ویکسینز کے ٹرائلز تیسرے فیز میں ہیں۔

ان ویکسینز میں سے ایک چین کی بڑی دوا ساز کمپنی سینوفارم نے تیار کی جبکہ دوسری روس کی سپتنک فائیو ہے، جسے سوویت دور کے خلائی سیارے کا نام دیا گیا ہے۔

شیخ محمد بن راشد نے ٹوئٹر پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی، جس میں انہوں نے اپنی آستین اوپر کر رکھی ہے اور ایک صحت کا رضاکار مکمل حفاظتی انتظامات کے ساتھ انہیں ٹیکہ لگا رہا ہے۔

تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا: ’آج کووڈ 19 کی ویکسین لگواتے ہوئے۔‘

انہوں نے کون سی ویکسین لگوائی اس کی وضاحت کیے بغیر شیخ محمد بن راشد نے لکھا: ’ہم ہر کسی کی حفاظت اور اچھی صحت چاہتے ہیں۔ ہمیں اپنی ٹیموں پر فخر ہے جنہوں نے ویکسین کی متحدہ عرب امارات میں دستیابی کے لیے ان تھک محنت سے کام کیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چینی دوا ساز کمپنی نے جولائی میں متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کی ویکسین کے ٹرائل کے تیسرے مرحلے کا آغاز کیا تھا۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

گذشتہ ماہ حکام نے اعلان کیا تھا کہ امارات نے روس کی سپتنک فائیو ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کی منظوری بھی دی ہے، جس کے بعد متحدہ عرب امارات ایسا کرنے والا مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ 

شیخ محمد بن راشد متحدہ عرب امارت کے وزیر اعظم بھی ہیں جہاں ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد کرونا کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جبکہ 503 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

اس سے پہلے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان اور نائب وزیراعظم شیخ سیف بن زید النہیان کو کرونا وائرس کی ویکسین لگائی گئی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت