بھارت پاکستان میں کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا ہے: وزیرخارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے ہمراہ پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی مبینہ مداخلت کے شواہد موجود ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ پریس بریفنگ کی (سکرین گریب)

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے ہمراہ پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی مبینہ مداخلت کے شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے اس پریس بریفنگ کے دوران کے ڈوزیئر دکھایا جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس ڈوزیئر میں ’بھارت کی جانب سے پاکستان میں ریاستی دہشت گردی کو فروغ دینے کے شواہد موجود ہیں۔‘

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’بھارتی دہشت گردی کے شواہد اس ڈوزیئر کی شکل میں عوام اور بین الاقوامی برادری کے سامنے لا رہے ہیں۔‘

اس موقع پر انہوں نے کچھ اعداد و شمار بھی بتائے جن کے مطابق 2001 سے 2020 تک پاکستان میں دہشت گردی کے 19130 واقعات پیش آئے، جن میں 83 ہزار سے زائد پاکستان ہلاک ہوئے۔

’پاکستان کے پاس بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مہینوں میں ’پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پیش آ سکتے ہیں جن کا نشانہ بڑے شہر ہو سکتے ہیں۔‘

شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ ’بھارت ان کارروائیوں کے لیے کالعدم تنظیموں میں 22 ارب روپے تقسیم کر چکا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ جن کالعدم تنظیموں کی معاونت بھارت کر رہا ہے ان میں جماعت الحرار، بی ایل اے اور تحریک طالبان پاکستان شامل ہیں۔

ایل او سی پر حالیہ کشیدگی کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کچھ عرصے سے ایل او سی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ روز پاکستان اور بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں دونوں ممالک کے افواج کی جانب سے گولہ باری اور شیلنگ سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ کئی مکانات تباہ ہوئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار نے ’بھارتی مداخلت‘ کے شواہد پیش کیے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے پریس برینگ کے دوران بتایا کہ ’بھارت دہشت گردوں کو پاکستان کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے، شدت پسندوں کی تربیت کر رہا ہے جبکہ انہیں ہتھیار بھی فراہم کر رہا ہے۔‘

انہوں نے اس موقع پر چند خطوط بھی دکھائی جو مختلف زبانوں میں تحریر کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ شدت پسندوں کی بھارتی فون نمبرز پر رابطے، جعلی دستاویزات پر سفر اور دیگر شواہد بھی صحافیوں کو دکھائی۔

انہوں نے بریفنگ کے دوران کے ایک آڈیو کلپ بھی چلایا اور پاکستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ملوث افراد کے حوالے سے بھی سلائیڈز کے ذریعے بتایا۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کئی کالعدم تنظیمیں بھارت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں مختلف افراد اور علما کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی بھارت کا ہی ہاتھ ہے۔  

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان