پاکستان افغانستان میں امن کا سب سے زیادہ خواہاں: وزیراعظم

کابل میں افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ مشترکہ  پریس کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں بڑھتے ہوئے تشدد پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تشدد میں کمی کے لیے ہرممکن کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کا سب سے زیادہ خواہاں ہے اور پاکستانی شہری یہ محسوس کرسکتے ہیں کہ افغانستان کے لوگ امن چاہتے ہیں۔

جمعرات کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا: 'میں 50 سال سے افغانستان آنے کا سوچ رہا تھا۔ میں افغانستان کی تاریخ اور اشرف غنی پاکستان کی تاریخ جانتے ہیں۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ 60 اور 70 کی دہائی میں پاکستانیوں کا پسندیدہ مقام کابل تھا۔

افغان امن عمل میں کردار کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ 'پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے، پہلے افغان طالبان اور امریکہ کے معاہدے اور پھر بین الافغان مذاکرات کے آغاز کے سلسلے میں پاکستان نے ہر ممکن تعاون کیا۔'

انہوں نے افغانستان میں بڑھتے ہوئے تشدد پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ 'بدقسمتی سے افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے لیکن پاکستان تشدد میں کمی کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔'

ساتھ ہی انہوں نے صدر اشرف غنی کو مخاطب کرکے کہا: 'اگر آپ سمجھیں کہ کسی طرح پاکستان مدد کرسکتا ہے تو ہمیں بتائیں، ہم ہر ممکن کام کریں گے۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عمران خان نے کہا کہ 'پاکستان افغانستان میں امن کا سب سے زیادہ خواہاں ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ سابق قبائلی علاقے (فاٹا) دہشت گردی کے خلاف جنگ سے شدید متاثر ہوئے، لہذا سرحدوں کی دونوں جانب کے افراد کی مدد ہم امن قائم کرکے کرسکتے ہیں۔'

اس سے قبل مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ 'دونوں ممالک کے مفادات مشترکہ ہیں۔'

انہوں نے وزیر اعظم عمران کو دورہ کابل پر خوش آمدید کہتے ہوئے اسے 'تاریخی' قرار دیا۔

صدر اشرف غنی کا مزید کہنا تھا کہ 'تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ تعاون پر مبنی سیاست ہی مسائل کا حل ہے۔'

اس  موقع پر افغان صدر نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کرلی۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا