پاکستانی کرکٹروں میں کرونا کی تصدیق، ٹیم کو ’آخری وارننگ‘

جن کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے چار نئے کیسز جبکہ دو ’پرانے‘ کیسز بتائے گئے ہیں۔

(پاکستان کرکٹ/ ٹوئٹر)

نیوزی لینڈ کے دورے پر جانے والے پاکستانی سکواڈ میں شامل چھ کرکٹزوں کے کرونا ٹیسٹ کا نتائج مثبت آئے ہیں جس کے بعد انہیں آئسولیشن سے قرنطینہ منقتل کر دیا گیا ہے۔

جن کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے چار نئے کیسز جبکہ دو ’پرانے‘ کیسز بتائے گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے دورے پر جانے والے 53 رکنی سکواڈ اور دیگر ارکان کے منگل کو پہنچے پر ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ پاکستان سکواڈ کے بعض ارکان نے پہلے ہی دن آئسولیشن پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم مہمان ٹیم سے بات کریں گے اور ان سے تعاون کرنے کا کہیں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے لیے عوام کی صحت اور حفاظت مقدم ہے۔‘

دوسری جانب سے نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’واضح اور تفصیلی بات چیت کے بعد بھی آئسولیشن قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔‘

وزارت صحت کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’تمام ٹیم کو آخری وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔‘

پاکستان ٹیم کو آئسولیشن میں رہتے ہوئے پریکٹس کرنے کی سہولت بھی تب تک روک دی گئی ہے جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خیال رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لاہور سے نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہونے سے قبل چار، چار ٹیسٹ کیے گئے تھے اور تمام کے نتائج نیگیٹیو آئے تھے۔

نیوزی لینڈ کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر ایشلے بلوم فیلڈ کا کہنا ہے کہ آئسولیشن قوانین کی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’نیوزی لینڈ آ کر کھیلنا خاص بات ہے مگر بدلے میں کھلاڑیوں کو کرونا کے حوالے سے بنائِ گئے قوانین پر عمل بھی کرنا ہو گا تاکہ کرونا ہم سے دور رہے اور سٹاف محفوظ رہے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے دوران تین ٹی 20 میچز کھیلے گی جن کا آغاز 18 دسمبر سے ہو گا جبکہ دورے کے دوران 26 دسمبر سے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے سے قبل ویسٹ انڈیز کا سامنا کرے گی۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ