لائبہ اور ثنا کی واپسی: 'ہمیں لگا تھا بھارتی فوج ہمیں مارے گی'

 بھارتی فوج نے ضلع پونچھ کی بھارتی حدود میں داخل ہونے والی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی دو بہنوں کو تحفے تحائف دے کر چکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ کے راستے پاکستانی حکام کے حوالے کردیا ہے۔

بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے چھ دسمبر کو نادانستہ طور پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) عبور کرکے ضلع پونچھ میں 'بھارتی حدود' میں داخل ہونے والی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی دو کم عمر بہنوں کو واپس بھیج دیا ہے۔

ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پیر کو ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن پر چکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بھارت اور پاکستان کی فوج اور سول انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔

انہوں نے بتایا: 'ضروری کارروائی کے بعد دونوں بہنوں کو پاکستانی فوج اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی سول انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔ بھارتی فوج نے دونوں بہنوں کو ڈھیر سارے تحفے تحائف بھی دیے۔'

دوسری جانب بھارتی فوج کی طرف سے جاری کیے گئے ایک مختصر بیان میں کہا گیا: 'پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لائبہ زبیر اور 13 سالہ ثنا زبیر ساکنان عباس پور تحصیل کہوٹہ، جو چھ دسمبر کو نادانستہ طور پر بھارتی حدود میں داخل ہوئی تھیں، کو پونچھ میں چکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ کے راستے سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔'

بھارتی فوج نے لائبہ کی ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی، جس میں انہیں بھارتی فوج کی تعریف کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں لائبہ کہتی ہیں: 'ہم اپنی منزل سے بھٹک کر کنٹرول لائن پر پہنچ گئے اور سرحد بھی عبور کرلی۔ بھارتی فوج نے ہمیں پکڑا اور پھر ہم سے پوچھ گچھ کی۔ ہمیں لگا تھا کہ شاید وہ ہمیں ماریں گے لیکن انہوں نے ہمارے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا۔'

وہ مزید کہتی ہیں: 'بھارتی فوج نے ہمیں کھانا کھلایا۔ ہمیں یہ بھی لگا تھا کہ شاید یہ اب ہمیں واپس نہیں جانے دیں گے لیکن یہ ہمیں اتنا جلدی واپس بھیج رہے ہیں۔ یہاں کے لوگ بھی بہت اچھے ہیں۔'

بھارتی فوج نے اتوار کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والی ان دو بہنوں کو کنٹرول لائن عبور کرنے کے دوران پکڑنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا تھا کہ دونوں نادانستہ طور پر بھارتی حدود میں داخل ہوئی ہیں۔

بھارتی فوج نے کہا تھا کہ غلطی سے کنٹرول لائن عبور کرنے والی دونوں بہنوں کو جذبہ خیر سگالی کے تحت واپس بھیجنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جموں میں تعینات دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیوندر آنند نے ایک بیان میں کہا تھا: 'پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی دو بہنیں اتوار کی صبح نادانستہ طور پر پونچھ سیکٹر کے راستے بھارتی حدود میں داخل ہوئیں۔ ایل او سی پر تعینات ہمارے فوجیوں نے ان کم عمر لڑکیوں کو سرحد عبور کرتے ہوئے دیکھا اور انہیں کسی بھی نقصان سے بچانے کے لیے حد درجہ احتیاط سے کام لیا۔ ان لڑکیوں کی فوری گھر واپسی یقینی بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔'

بھارتی فوج نے ان بہنوں کو حراست میں لینے کے بعد ان سے ابتدائی پوچھ گچھ کی، جس کے بعد انہیں پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔

بھارتی فوج نے اتوار کو ہی کہا تھا کہ خیر سگالی کے جذبے اور کنٹرول لائن پر بھارت اور پاکستان کے درمیان اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر دونوں کو واپس بھیجنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

کم عمر لائبہ اور ثنا کی ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی فوری رہائی کی تحریک چل پڑی تھی۔ دونوں بہنیں مبینہ طور پر کسی گھریلو ناراضگی کے سبب گھر چھوڑ کر نکلی تھیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا