حفیظ کی شاندار اننگز رائیگاں، پاکستان کو ایک اور شکست

آج کے میچ میں محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ نے ان ناقدین کو کرارا جواب دے دیا ہے جو ہر گزرتے دن انہیں ریٹائر ہونے کا مشورہ دےرہے تھے۔ ان کی بیٹنگ کو نیوزی لینڈ کمنٹیٹر سٹیفن فلیمنگ نے ایک نوجوان بلے باز کی اننگز جیسا قرار دیا۔

(اے ایف پی)

نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹونٹی میں بھی پاکستان کو 9 وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔

دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں کچھ بھی نہ بدل سکا۔ نہ اوپنرز چلے نہ مڈل آرڈر نے کچھ کیا بولرز بھی بغلیں بجاتے رہے-

اگر کچھ مثبت ہوا تو وہ محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ تھی جو صرف ایک رن کی کمی سے اپنی پہلی سنچری سکور نہیں کرسکے لیکن اپنی دھواں دھار بیٹنگ سے پاکستان کا ایک باعزت مجموعہ ترتیب دے گئے ۔

دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے تو اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی لیکن نیوزی لینڈ نے اپنی فاتح ٹیم میں چار تبدیلیاں کی تھیں۔

ٹیم کے ریگولر کپتان کین ولیمسن واپس آگئے جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور ساؤتھی بھی شامل ہوگئے۔

پاکستان کے کپتان شاداب خان نے ایک بار پھر ٹاس جیتا اور ہملٹن کے چھوٹے سے گراؤنڈ میں پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔  ایک اچھی بیٹنگ وکٹ پر پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ہوگیا۔

اتوار کے میچ میں عبداللہ شفیق کو اوپنر سے ون ڈاؤن کیا گیا، وہ اس پوزیشن پر بھی ناکام رہے اور دوسری ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان اور حیدر علی بھی کچھ نہ کرسکے اور بالترتیب 22 اور 8 رنز بناسکے۔ خوشدل شاہ اور شاداب خان بھی جلدی آؤٹ ہوگئے۔

ایسے میں سینئیر بلے باز محمد حفیظ نے اپنے اوسان بحال رکھے اور دوسری طرف سے شاندار بیٹنگ کرتے رہے۔ انھوں نے اننگزکی آخری گیند تک جدوجہد جاری رکھی اور ناٹ آؤٹ 99 رنز سکور کیے۔ صرف ایک رن کی کمی سے وہ کیرئیر کی پہلی سنچری سےمحروم رہ گئے ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

ان کی جانفشانی کے باوجود پاکستان بمشکل تمام 163 رنز کا ہدف ترتیب دے سکا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤتھی نے اچھی بولنگ کی اور 21 رنز دے کر 4 وکٹ لیے۔

نیوزی لینڈ کی جوابی بیٹنگ منظم اور بے خوف تھی۔ مارٹن گپتل اگرچہ جلدی آؤٹ ہوگئے لیکن کپتان ولیم سن اور ٹم سائیفرٹ نے 129 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر پاکستان کو باآسانی دوسرے میچ میں شکست دے دی اور اس کے ساتھ تین میچوں کی سیریز جیت لی ۔

ٹم سائیفرٹ نے 84 اور ولیم سن نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کی بولنگ بھی آج کچھ متاثر نہ کرسکی شاہین شاہ اور حارث رؤف توقعات پوری نہ کرسکے۔

پاکستان کی فیلڈنگ بھی غیر معیاری رہی۔ گراؤنڈ فیلڈنگ میں غلطیاں اور دو کیچ ڈراپ ہوجانا اس بات کا اعادہ کررہا ہے کہ ٹیم کی فیلڈنگ میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔

پاکستان ٹیم اب منگل کو نیپئیر میں تیسرا ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی اور متوقع طور پر پاکستان اپنی ٹیم میں چند تبدیلیاں کرے گا۔ کیونکہ عبداللہ شفیق اور خوشدل شاہ بیٹنگ میں جب کہ وہاب ریاض بولنگ میں یکسر ناکام رہے ہیں۔

پاکستان کے کپتان شاداب خان بھی بولنگ میں کوئی بہتری نہیں لاسکے ہیں جس سے پاکستان کا سپن بولنگ کا شعبہ خاموش ہے۔

آج کے میچ میں محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ نے ان ناقدین کو کرارا جواب دے دیا ہے جو ہر گزرتے دن انہیں ریٹائر ہونے کا مشورہ دےرہے تھے۔ ان کی بیٹنگ کو نیوزی لینڈ کمنٹیٹر سٹیفن فلیمنگ نے ایک نوجوان بلے باز کی اننگز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 40 سال کی عمر میں بھی ان کا سٹیمنا اور بیٹنگ کی قوت قابل رشک ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ