بابر اعظم اور امام نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر

پاکستان نے 26 دسمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے بلوچستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر عمران بٹ کو سکواڈ میں شامل کر لیا۔

(اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے۔

گذشتہ ہفتے کوئنز ٹاؤن میں ٹریننگ کے دوران گیند لگنے سے بابر کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا جبکہ امام کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے تاحال نیٹ پریکٹس کا آغاز نہیں کیا، تاہم پی سی بی کا میڈیکل پینل مسلسل ان دونوں کھلاڑیوں کی انجری کا معائنہ کر رہا ہے۔

پی سی بی کے پیر کو جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کی تین جنوری سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

بابر کی عدم دستیابی کے باعث نائب کپتان محمد رضوان پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ وہ کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33ویں کپتان ہوں گے۔

دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ منگنوئی میں شروع ہو گا۔ ٹور سلیکشن کمیٹی نے اوپنر عمران بٹ کو پہلی مرتبہ 17 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

بلوچستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر عمران نے نیوزی لینڈمیں ٹیم کو جوائن کرنے سے قبل ملک میں جاری قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے تین میچوں میں 191 رنز بنائے تھے۔

24 سالہ بیٹسمین نے گذشتہ سال کھیلی گئی قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 934 رنز بنائے تھے۔ 62 سے زائد کی اوسط سے رنز بنانے والے عمران بٹ نے ٹورنامنٹ میں چار سنچریاں اور تین نصف سنچریاں بنائیں۔

ادھر، نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کی نمائندگی کرنے والے عابد علی، اظہرعلی،حارث سہیل، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس اور نسیم شاہ  23 دسمبر کو ترنگا میں قومی ٹیسٹ سکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی سی بی کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ عماد وسیم 23 دسمبر کو بگ بیش لیگ کھیلنے آسٹریلیا جبکہ محمد حفیظ 24 دسمبر کو وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف چھ جنوری کو نیوزی لینڈ سے آسٹریلیا روانہ ہوں گے، جہاں وہ بگ بیش لیگ میں میلبرن سٹارز کی نمائندگی کریں گے۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز ہارنے پر مایوسی ہے، میزبان ٹیم نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔

’ہمیں اپنی انفرادی اور ٹیم کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے صلاحیتوں میں نکھار لانے کی ضرورت ہے اور جتنی جلدی ہم ان شعبوں میں بہتری لے آئیں گے اتنا ہی ہمارے لیے بہتر ہوگا کیونکہ 2021 مصروف ترین سال ہے  اور اس سال ہمیں دو بڑے ایونٹس میں بھی شرکت کرنی ہے۔‘

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ’ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کے برعکس ہمارا ٹیسٹ سکواڈ قدرے تجربہ کار ہے، ہمارے پاس تجربہ کار فاسٹ باؤلرز اور بیٹسمین موجود ہیں، مجھے امید ہے کہ ہم طویل طرز کی کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز کے موقعے پر بابر کی انجری کو تقریباً دو ہفتے گزر چکے ہوں گے تاہم نیٹ سیشنز کے بغیر میچ کے لیے واپسی ان کے اور ٹیم دونوں کے لیےایک سخت فیصلہ ہوگا۔ ’مجھے دیگر کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ناکامی کو پس پشت ڈال کر ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔‘

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے سکواڈ:

محمد رضوان (پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان)، سرفراز احمد ،شاداب خان،   عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف۔ بابراعظم اور امام الحق انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل