85 ہزار امریکی ڈالر کے عوض 39 انچ لمبے سینگ والے مارخور کا شکار

یہ شکار تیر کمان کے ذریعے کیا گیا جب کہ اس کے برعکس عام طور پر شکار کے لیے جدید ہتھیار کا استعمال کیا جاتا ہے۔

(تصویر: شہزادہ سکندر الملک)

ضلع چترال میں جوزف بریڈ فورڈ نامی ایک امریکی شہری نے 85 ہزار امریکی ڈالر کے عوض 39 انچ لمبے سینگ والے مارخور کا تیر کمان سے شکار کیا ہے۔ 

اس بارے میں البرہان ولیج کنزرویشن کے صدر شہزادہ سکندر الملک کا کہنا ہے  کہ امریکی شہری نے یہ شکار توشی کے علاقے میں کیا ہے۔

ان کے مطابق اس مار خور کے شکار میں پانچ دن کا عرصہ لگایا گیا۔ دیگر تفصیلات کے مطابق یہ شکار تیر کمان کے ذریعے کیا گیا جب کہ اس کے برعکس عام طور پر شکار کے لیے جدید ہتھیار کا استعمال کیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ البرہان ولیج کنزرویشن مارخوروں  کی دیکھ بھال کا ادارہ ہے اور ادارے کے پاس تین واوچر ہر سال موجود ہوتے ہیں۔

گورنمنٹ کی طرف سے ہر سال مارخور کے شکار کے لیے یہ تین پرمٹ جاری کیے جاتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان میں سے دو پرمٹ توشی اور ایک پرمٹ گہیرت کے لیے جاری ہوتا ہے۔ جب یہ پرمٹ فروخت کر دیا جاتا ہے تب اس کے لیے شکاری ڈھونڈے جاتے ہیں اور بولی لگائی جاتی ہے۔ جو شکاری زیادہ بولی لگاتا ہے اسے شکار کی اجازت مل جاتی ہے۔

مارخور کے شکار کا یہ پرمٹ فروخت ہونے کے بعد اس سے جو پیسہ ملتا ہے اس کا 80 فیصد حصہ علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاتا ہے اور عموما اسے علاقے میں ترقیاتی کاموں وغیرہ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، 20 فیصد رقم حکومت کو جاتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مارخور کے شکار کے اس انتظام کے تحت بالخصوص عمر رسیدہ مارخور کا چناؤ کیا جاتا ہے، چھوٹے مارخور کا شکار نہیں کیا جاتا۔

البرہان ولیج کنزرویشن کے صدر شہزادہ سکندر الملک کے مطابق اس سے مارخور کی نسل بھی محفوظ رہتی ہے اور علاقے کے لیے فنڈ بھی آجاتا ہے جو ترقیاتی کاموں میں مدد دیتا ہے۔ 


 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان