ولیم سن کی ڈبل سنچری، میچ پر کیویز کی گرفت مضبوط

اظہر علی اور محمد رضوان اگر پہلی اننگز کی طرح کھیل گئے تو شاید پاکستان میچ کسی طرح ڈرا کی طرف موڑ دے ورنہ شکست نے اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے ہیں۔

نیوزی لینڈ کو میچ  میں 362 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔(اے ایف پی)

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کرائسٹ چرچ میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کیویز نے 659 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی، اس طرح اسے 362 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل ختم ہونے تک آٹھ رنز بنائے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا ہے۔

آؤٹ ہونے والے شان مسعود تھے، جو دوسری اننگز میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح انہوں نے پئیر حاصل کیا ہے۔

آج کے دن کی خاص بات کیوی کپتان کین ولیم سن کی ڈبل سنچری تھی، جنہوں نے 238 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ یہ ان کی چوتھی ڈبل سنچری ہے۔

ان کے ساتھ کل کے ناٹ آؤٹ بلے باز نکولس نے بھی اپنی سنچری مکمل کی۔

پاکستانی بولرز دونوں بلے بازوں کے خلاف یکسر ناکام نظر آئے۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 369 رنز بنائے۔

نکولس 157 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔ نکولس کی اننگز میں پاکستانی فیلڈرز نے سات چانس دیے۔

اس دوران ولیم سن مسلسل اپنے سکور میں اضافہ کرتے رہے۔

نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ واٹلنگ تھے جو سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ان کے بعد آنے والے ڈیرل مچل پاکستانی بولرز پر بھاری پڑ گئے۔ ولیم سن اور مچل کی چھٹی وکٹ کی رفاقت 133 رنز کی تھی۔

کپتان ولیم سن نے اپنی ڈبل سنچری 327 گیندوں پر مکمل کی، ان کی اننگز کا خاتمہ تیز کھیلنے کی کوشش میں ہوا جب ایک باؤنسر کو کٹ کرتے ہوئے وہ کیچ آؤٹ ہوگئے۔

انہوں نے 28 چوکوں کی مدد سے 238 رنز بنائے۔

پاکستانی بولرز کی مشکلات ولیم سن کے آؤٹ ہونے کے بعد مزید بڑھ گئیں۔ ڈیرل مچل نے ٹی ٹوئنٹی سٹائل میں کھیلتے ہوئے سنچری بناڈالی۔

ان کی جارحانہ بیٹنگ کی مثال یہ تھی کہ آخری 5 اوورز میں 60 رنز بنائے۔

مچل کی سنچری کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے 659 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی جبکہ ان کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے چار بولرز نے 100 رنز سے اوپر رنز دیے۔ نسیم شاہ اور ظفر گوہر سب سے مہنگے رہے۔ انہوں نے 141 اور 156 رنز دیے، مگر کوئی وکٹ نہ مل سکی۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ، محمد عباس اور فہیم اشرف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی فیلڈنگ آج بھی غیر معیاری رہی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کپتان رضوان، شان مسعود اور اظہر علی نے آسان کیچ ڈراپ کیے۔

362 رنز کے خسارے کے ساتھ پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر شان مسعود ایک بار پھر گھبراہٹ کا شکار رہے اور صفر پر جیمیسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

عابد علی بھی ایل بھی ڈبلیو آؤٹ دیے گئے لیکن بیٹنگ ریویو نے انہیں بچالیا، گیند ان کے بلے سے پہلے ٹکرائی تھی۔

کھیل جب ختم ہوا تو عابد علی سات اور نائٹ واچ مین محمد عباس ایک رنز پر کھیل رہے تھے جب کہ پاکستان کو ابھی بھی 354 رنز کا خسارہ ہے۔

پاکستان کی بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے کسی زبردست کارکردگی کی توقع نہیں ہے اور بظاہر لگتا ہے کہ دوسرا ٹیسٹ چوتھے دن ہی ختم ہوجائے گا۔

پاکستان کی دوسرے ٹیسٹ میں بولنگ اور فیلڈنگ انتہائی غیر معیاری رہی اور فیلڈنگ کے معیار سے کسی کلب ٹیم کا مغالطہ ہورہا تھا۔

کیا پاکستان ایک اور ممکنہ شکست سے بچ سکے گا اس کا امکان بہت کم ہے۔ تاہم اظہر علی اور محمد رضوان اگر پہلی اننگز کی طرح کھیل گئے تو شاید پاکستان میچ کسی طرح ڈرا کی طرف موڑ دے ورنہ شکست نے اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل