بورس جانسن اور جو بائیڈن کا 'گہرے روابط' اور تعاون پر زور

برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق بورس جانسن نے امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے پر جوبائیڈن کو مبارک باد دی جبکہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

نومنتخب امریکہ صدر جوبائیڈن نے 2019 میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 'جسمانی اور جذباتی چربہ 'قرار دیا تھا۔(فائل تصاویر: اے ایف پی)

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور امریکہ کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے دوطرفہ تعلقات میں بہتری اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ بات برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتائی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بیان میں بتایا گیا کہ امریکی صدر نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ برطانوی وزیراعظم سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اس موقع پر بورس جانسن نے امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے پر جوبائیڈن کو مبارک باد دی جبکہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس سے قبل صدر جوبائیڈن نے جمعے کو کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو فون کیا تھا۔ حلف اٹھانے کے بعد کسی عالمی رہنما کو ان کا یہ پہلا فون تھا۔

ٹی شرٹ میں ملبوس برطانوی وزیراعظم نے امریکی صدر سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے اپنی تصویر ٹویٹ کی اور ساتھ ہی لکھا: ' جوبائیڈن سے گفتگو بڑی عظیم بات ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کا مقصد سرد مہری کا شکار دوطرفہ تعلقات میں گرمجوشی لانا تھا۔'

جوبائیڈن نے 2019 میں بورس جانسن کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 'جسمانی اور جذباتی چربہ 'قرار دیا تھا۔ وہ ان کی بریگزٹ پالیسی پر بھی تنقید کرتے رہے ہیں۔

تاہم ڈاؤننگ سٹریٹ کے بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ تجارت کے ممکنہ معاہدے کے فوائد پر تبادلہ خیال کیا۔ بورس جانسن کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کے ساتھ موجود تجارتی مسائل کو جس قدر ممکن ہو سکے جلد حل کرنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یاد رہے کہ نسلی اعتبار سے آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے جوبائیڈن اپنے انتخاب سے پہلے خبردار کر چکے ہیں کہ اگر بریگزٹ سے 1998 میں ہونے والے گڈفرائیڈے معاہدے کو نقصان پہنچا تو وہ برطانیہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہوں گے۔ گڈ فرائیڈے معاہدے سے آئرلینڈ میں جاری تشدد اور سیاسی محاذ آرائی کا خاتمہ ہو گیا تھا۔

وزیراعظم آفس سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق بورس جانسن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے متعلق فیصلے فوری طور پر واپس لینے کے جوبائیڈن کے اقدام کو سراہا ہے۔ انہوں نے تحفظ ماحول سے متعلق پیرس معاہدے اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) میں امریکہ کی دوبارہ شمولیت کا بھی پرجوش خیرمقدم کیا۔

دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی ان کی ملاقات جلد ہو گی اور نومبر میں سکاٹ لینڈ میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام عالمی ماحولیاتی تبدیلی پر ہونے والی سربراہ کانفرنس پر وہ مل کر کام کریں گے۔انہوں نے نیٹو اتحاد سے وابستہ رہنے سمیت انسانی حقوق اور جمہوریت کے تحفظ کی مشترکہ اقدار کے فروغ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا