پاکستان آرمی: چینی کرونا ویکسین حاصل کرنے والی پہلی غیر ملکی فوج

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی فوج کی جانب سے دی جانے والی تمام ویکسین ملک میں گذشتہ ہفتے شروع ہونے والی ویکسینیشن مہم میں دے دی جائے گی۔

پاکستان فوج نے کرونا ویکسین عطیہ کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا ہے(آئی ایس پی آر)

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے پیر کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ ’پیپلز لبریشن آرمی اورعوامی جمہوریہ چین نے پاکستان کی مسلح افواج کے لیے کووڈ 19 ویکسین کا عطیہ دیا ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ چین نے کسی غیرملکی فوج کو کرونا (کورونا) ویکسین فراہم کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چینی فوج کی جانب سے پاکستان فوج کو دی جانے والی تمام ویکسین ملک میں گذشتہ ہفتے شروع ہونے والی ملک گیر ویکسینیشن مہم میں دے دی جائے گی، بیان میں چینی فوج کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

اس سے قبل چین پاکستان کو پانچ لاکھ ویکسین کی خوراکیں فراہم کر چکا ہے، جو اس وقت ملک بھر میں طبی عملے کو لگائی جا رہی ہیں۔ 

اخبار چائنا میل کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا کہ ’جب چین میں پچھلے سال کرونا کی وبا پھوٹی تھی تو پاکستان ان اولین ملکوں میں سے ایک تھا جس نے چین کو طبی سامان فراہم کیا۔ اس کے بعد جب چین میں وبا کا زور ٹوٹا تو ہم نے پاکستان کو طبی اشیا اور ماہرین فراہم کیے۔‘

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے علاوہ برونائی، میانمار، فلپائن، کمبوڈیا، سری لنکا سمیت 13 ملکوں کو ویکسین فراہم کر رہا ہے، جب کہ مستقبل میں ان ملکوں کی تعداد بڑھا کر 38 کر دی جائے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس سے مزید 59 ہلاکتیں ہوئیں، جس کے بعد پیر کو اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار سے زیادہ ہو گئی۔

ویب سائٹ کے مطابق ایک ہی روز میں وائرس کے 1037 کیس ریکارڈ کیے گئے۔ ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 55 لاکھ پانچ ہزار511 ہو گئی ہے۔

ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکوں کا تحفہ ملے کے بعد پاکستان نے دو فروری کو چینی ساختہ سائنوفارم ویکسین سے کووڈ 19 ویکسینیشن کی ملک گیر مہم کا آغاز کیا تھا۔ پاکستان اس سال کے آخر تک 10 کروڑ اہل افراد میں سے سات کروڑ کو ویکسین لگانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

پاکستان نے اپنی 22 کروڑ آبادی کے تحفظ کے لیے تین کرونا ویکسینوں کی منظوری دی ہے، جن میں چین کی سائنوفارم، آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایسٹرازینیکا اور روس کی سپوتنک وی شامل ہیں۔ شہریوں کو ویکسین لگانے کے لیے ملک بھر میں ہنگامی بنیادوں پر582 مراکز قائم ہو چکے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان