کرونا وبا کے دوران اپنی گاڑی کیسے بیچیں؟

گاڑی فروخت کرنے کے لیے دوسرے لوگوں سے ملنا آپ کو کرونا وائرس کے خطرے سے دوچار کر سکتا ہے جو اچانک آپ کی گاڑی فروخت کرنے کی خواہش کو متاثر کر سکتا ہے۔ 

اپنی گاڑی کی قیمت طے کرتے ہوئے آن لائن اس کی قیمت ضرور معلوم کرلیں تاکہ آپ یہ فیصلہ کرسکیں کہ آپ کو اس کی مناسب قیمت ادا کی جا رہی ہے(فائل تصویر: اے ایف پی)

نجی طور پر اپنی گاڑی فروخت کرنا لوگوں کے لیے کسی ڈیلر کے ذریعے اپنی گاڑی فروخت کرنے سے زیادہ منافع بخش ہو سکتا ہے لیکن یہ ہمیشہ ایک تھکا دینے والا عمل رہا ہے۔

آپ کو اپنی گاڑی کی ہر زاویے سے تصاویر لینی ہوتی ہیں، اس کا اشتہار بنانا ہوتا ہے، اجنبیوں سے کال اور میسج پر بات کرنی ہوتی ہے اور اس کے بعد ان سے ملنا ہوتا ہے تاکہ وہ آپ کی گاڑی کو آزمائشی طور پر چلا سکیں تاکہ گاڑی فروخت کرنے کے معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے۔

گاڑی فروخت کرنے کے لیے دوسرے لوگوں سے ملنا آپ کو کرونا وائرس کے خطرے سے دوچار کر سکتا ہے جو اچانک آپ کی گاڑی فروخت کرنے کی خواہش کو متاثر کر سکتا ہے۔ 

تو ہمارے پاس اس کا کیا حل ہے؟

امریکہ میں آٹو انڈسٹری سے متعلق معلومات کے لیے مشہور ویب سائٹ ’ایڈمنڈز‘ کے ماہرین نے تین ایسے طریقوں کی نشاندہی کی ہے جو وبا کے دوران گاڑی فروخت کرنے میں ہماری مدد کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ان تینوں طریقوں میں انسانی رابطہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوتا، لیکن اس میں آپ لوگوں سے ایک معلوم اور محدود تعداد سے رابطے میں آتے ہیں۔ 

روایتی ڈیلر شپ کے طریقے کو استعمال کریں

یہ طریقہ ان افراد کے لیے فائدہ مند ہے جو پہلے ہی نئی گاڑی خریدنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ اب تک زیادہ تر فرنچائز ڈیلرز کووڈ 19 کی موجودگی میں صارفین کو ڈیل کرنے کا گُر سیکھ چکے ہیں۔ آپ کو سب سے پہلے اس ڈیلرشپ کو تلاش کرنا ہوگا، جس سے آپ گاڑی خریدنے کے متمنی ہیں۔

پہلے کال کرکے نہ صرف جانے کا وقت طے کریں بلکہ آزمائشی ڈرائیو کے علاوہ اپنی گاڑی کی قیمت لگوانے کی بات بھی طے کرلیں اور جس دوران آپ آزمائشی ڈرائیو کر رہے ہوں گے، ڈیلر اتنے وقت میں آپ کی گاڑی کا جائزہ لے کر اس کی قیمت کا تعین کرلے گا۔

لیکن یہ ضروری نہیں کہ آپ یہ دونوں فیصلے ایک ہی دن کرلیں بلکہ آپ اس بارے میں مزید وقت بھی لے سکتے ہیں، لیکن گاڑی کی خرید و فروخت کی بات چیت کو الگ الگ رکھیں تاکہ اس بارے میں کسی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔

اپنی گاڑی کی قیمت طے کرتے ہوئے آن لائن اس کی قیمت ضرور معلوم کرلیں تاکہ آپ یہ فیصلہ کرسکیں کہ آپ کو اس کی مناسب قیمت ادا کی جا رہی ہے۔ اگر مناسب دام طے ہو جائیں تو ڈیلر کو باقی معاملہ نمٹانے دیں اور آپ اس دوران باقی اہم کام نمٹا لیں۔

نان فرنچائز ڈیلر شپ کے طریقے کو استعمال کریں

یہ طریقہ دو قسم کے فروخت کنندگان کے لیے بہتر ہے۔ ایک وہ جو گاڑی فروخت کرکے پیسے وصول کرنا چاہتے ہیں اور اس کے بدلے کچھ خریدنا نہیں چاہتے۔ دوسرے فرنچائز ڈیلرشپ کا تیز رفتار متبادل تلاش کر رہے ہیں۔

ایڈمنڈز سائٹ پر آپ اپنی گاڑی کا نمبر یا لائسنس پلیٹ درج کرکے اس کی فوری پیش کش دیکھ سکتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے بعد آپ کو صرف اس پیش کش کو قبول کرتے ہوئے ایک اشتراکی ڈیلر شپ کو اختیار کرنا ہو گا۔ یہ آپ کی گاڑی کی حالت کا جائزہ لے کر آپ کو اس کی قیمت ادا کر دے گا۔ اس میں آپ کو کم لوگوں سے رابطہ کرنا پڑے گا اور آپ کو ٹیسٹ ڈرائیو کے لیے کسی کے ساتھ گاڑی میں نہیں بیٹھنا پڑے گا۔

ڈیلرشپ پر زیادہ افراد نہ ہونے کی صورت میں آپ یہ سب کام ایک گھنٹے میں کر سکتے ہیں۔ اب اس کا موازنہ فیس بک پر ہفتوں آنے والے پیغامات کے ساتھ کریں۔

ایک اور راستہ تھرڈ پارٹی کے ذریعے گاڑی خریدنا بھی ہو سکتا ہے، جن میں کوئی آن لائن یا مقامی سٹور آپ کی گاڑی خرید سکتا ہے۔ ایسے سٹور بہت کم تعداد میں انسانوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے آپ کی گاڑی کی اچھی قیمت لگوا سکتے ہیں۔ ایڈمنڈز نے اس سروس کا تجربہ نہیں کیا، اس لیے کسی بھی تھرڈ پارٹی کے ساتھ رابطہ کرنے سے پہلے ان کے ریویوز ضرور پڑھیں۔

کار بروکر کی مدد لینے پر غور کریں

کئی کار بروکر بھی آپ کی گاڑی کو فروخت کرنے کی پیش کش کرتے ہیں۔

ایسی صورت حال میں آپ صرف ایک فرد سے رابطے میں رہتے ہیں، بجائے مختلف ڈیلر شپ سے رابطے میں رہنے کے۔ آپ اپنی گاڑی اس بروکر کو نہیں بیچ رہے بلکہ یہ بروکر اپنے نیٹ ورک کا استعمال کرتے ہوئے آپ کی گاڑی کے لیے بہترین پیش کش کو تلاش کرے گا۔

یاد رہے کہ بروکر کی فیس پہلے طے کرنا نہ بھولیں، چاہے آپ کوئی گاڑی فروخت کر رہے ہیں یا خرید رہے ہیں۔ ہم سب کار بروکرز کی بات نہیں کر رہے، اس لیے کسی بھی بروکر کا فیصلہ کرنے سے پہلے ان کے ریویوز کو دیکھنا ضروری ہے۔

ایڈمنڈز کے مطابق یہ آپ کی گاڑی کو فروخت کرنے کے لیے چند ایسے طریقے ہیں، جو وبا کے دوران حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

ان طریقوں سے آپ اپنی گاڑی کی مناسب قیمت کا تعین کر سکتے ہیں اور ایسا کم سے کم انسانوں سے رابطہ رکھتے ہوئے کیا جا سکتا ہے۔ یہ طریقے آپ کے لیے خود گاڑی فروخت کرنے سے زیادہ آسان ثابت ہو سکتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا