افغان صدر کی طالبان کو جنگ بندی کی نئی پیشکش

میں طالبان سے کہنا چاہتا ہوں کہ موقع آپ کے ہاتھ میں ہے۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ کیا چاہتے ہیں، اشرف غنی۔

کابل میں افغان جرگے کے آخری دن کے اجلاس میں شریک دو افغان مندوب۔ تصویر۔اے پی

افغانستان کے صدر اشرف غنی کی جانب سے طلب کیے گئے افغان جرگے نے کابل میں افغان طالبان کو جنگ بندی کی نئی پیشکش کی ہے جبکہ افغان صدر نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر 175 طالبان قیدی رہا کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

پانچ روز تک جاری رہنے والے اس لویا جرگے میں ملک بھر سے 32 سو مندوبین نے شرکت کی، جن میں سیاستدان، قبائلی سردار اور اہم شخصیات شامل تھیں۔ تاہم اشرف غنی کی حکومت کے اتحادی چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے جرگے کا بائیکاٹ کیا جس سے حکومت کے اندرونی تقسیم واضح طور پر دیکھی جاسکتی تھی۔

دوسری جانب سابق جنگجو سردار گلبدین حکمت یار بھی اس میں شریک نہیں ہوئے۔

صدر اشرف غنی نے اختتامی تقریب سے خطاب میں کہا: ’میں طالبان سے کہنا چاہتا ہوں کہ موقع آپ کے ہاتھ میں ہے۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ کیا چاہتے ہیں۔‘

انہوں نے جنگ بندی کی پیشکش بھی کی، لیکن ساتھ میں واضح کیا کہ یہ یک طرفہ نہیں ہوگی۔ جرگے نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لیے 23 نکات پر مشتمل ایک فہرست بھی تیار کی ہے، جس میں ماہ رمضان میں جنگ بندی شامل ہے۔ اب تک طالبان غیرملکی افواج کے انخلا تک کسی بھی قسم کی جنگ بندی سے انکار کرتے رہے ہیں۔

اجلاس نے مذاکرات کے لیے حکومت سے ایک مضبوط وفد تشکیل دینے کا مطالبہ کیا جس میں 50 اراکین جنگ متاثرین کی نمائندگی کر رہے ہوں۔ جرگے نے حقوق نسواں کا بھی دفاع کیا، لیکن صدر اشرف غنی کی جانب سے جرگے کی سربراہی سابق مجاہدین رہنما عبدالرب رسول سیاف کو دے دی گئی، جو خواتین سے ملنے سے اجتناب کرتے ہیں۔

جرگے کی ایک خاتون رکن حتیفہ طیب نے کہا کہ ’کسی لڑائی میں کوئی کامیاب یا کوئی ناکام نہیں ہوتا لہذا ہم طالبان سے چاہتے ہیں کہ وہ جنگ بند کر دیں اور قیام امن کی کوششوں میں شامل ہو جائیں۔‘

یہ جرگہ ایک ایسے وقت میں منعقد ہوا جب امریکی صدر کے افغان معاملات سے متعلق خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد طالبان کے ساتھ دوحہ میں مذاکرات کے ایک نئے راؤنڈ میں مصروف ہیں۔ یہ مذاکرات غیرملکی افواج کے انخلا کی تاریخوں اور افغان سر زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے سے متعلق ہو رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا