’مسز سری لنکا‘ سے تاج چھیننے والی ’مسز ورلڈ‘ گرفتار

نئی ’مسز سری لنکا‘ پشپیکا ڈی سلوا نے کہا: ’میں نے عدالت سے باہر ہی اس معاملے کو ختم کرنے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے انکار کردیا۔ میں انہیں معاف کر سکتی ہوں، لیکن بھول نہیں سکتی۔‘

’مسز سری لنکا 2020‘  قرار دیئے جانے کے چند منٹ بعد ہی کیرولین جوری   (بائیں سے دوسری)نے پشپیکا ڈی سلوا  کے سر سے تاج اتار لیا تھا۔(تصویر: اے ایف پی)

کولمبو پولیس نے اتوار (چار اپریل) کو دوران تقریب سٹیج پر نئی ’مسز سری لنکا‘ کے سر سے تاج کھینچ لینے والی موجودہ ’مسز ورلڈ‘ کو گرفتار کرلیا۔

کولمبو کے نیلم پوکونا تھیٹر میں منعقدہ مذکورہ تقریب میں ’مسز سری لنکا 2020‘  قرار دیئے جانے کے چند منٹ بعد ہی کیرولین جوری نے پشپیکا ڈی سلوا کے سر سے تاج اتار لیا تھا، جس کے نتیجے میں پشپیکا کو سر پر زخم آئے اور انہیں ہسپتال جانا پرا۔

اس واقعے کو تقریب میں موجود سامعین سمیت سینکڑوں لوگوں نے سوشل میڈیا پر بھی براہ راست دیکھا۔

کیرولین گذشتہ برس ’مسز سری لنکا‘ قرار پائی تھیں، جس کے بعد وہ کیلیفورنیا کی ایک کمپنی کے زیر اہتمام ہونے والا ’مسز ورلڈ‘ مقابلہ جیتنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سینیئر پولیس عہدیدار اجیت روحانہ نے بتایا کہ ’نیلم پوکونا تھیٹر پر حملہ کرنے اور نقصان پہنچانے کے الزام میں کیرولین اور ان کی ساتھی چولہ مانامندر کو گرفتار کیا گیا ہے۔‘

دوسری جانب پشپیکا ڈی سلوا نے جمعرات کو کولمبو کے پولیس سٹیشن کے باہر صحافیوں کو بتایا کہ اگر کیرولین عوامی معافی مانگ لیتیں تو وہ کیس واپس لینے کو تیار تھیں، لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

انہوں نے مزید کہا: ’میں نے عدالت سے باہر ہی اس معاملے کو ختم کرنے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے انکار کردیا۔ میں انہیں معاف کر سکتی ہوں، لیکن بھول نہیں سکتی۔‘

کیرولین یا ان کے وکیل کی طرف سے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ عدالت میں اس حوالے سے سماعت 19 اپریل کو ہوگی جبکہ  کیرولین اور ان کی ساتھی کو جمعرات کو ضمانت مل گئی ہے۔

واضح رہے کہ کیرولین نے دعویٰ کیا تھا کہ پشپیکا ڈی سلوا طلاق یافتہ ہیں، لہذا وہ تاج کے لیے نااہل ہیں۔

اس ٹائٹل کے لیے کوالیفائی کرنے کی غرض سے مقابلہ میں شریک افراد کا شادی شدہ ہونا ضروری ہے۔ پشپیکا ڈی سلوا کی ان کے شوہر سے علیحدگی ہوچکی ہے، لیکن وہ اب بھی قانونی طور پر شادی شدہ ہیں۔

اس تقریب کے مقامی فرنچائز ہولڈر چندی مل جیاسنگھے نے کہا کہ وہ کیرولین کے رویے پر ’شدید پریشان اور پشیمان‘ ہیں۔

دوسری جانب منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ سٹیج اور بیک سٹیج پر ڈریسنگ رومز کو پہنچنے والے نقصانات پر کیرولین سے معاوضے کا دعویٰ کر رہے ہیں جہاں متعدد آئینے توڑ دیئے گئے تھے۔

منتظمین کی جانب سے سابق مسز سری لنکا پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ انہوں نے اس تقریب کو بدنام کردیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ