سماعت سے ’محروم‘ بہن بھائی کا کوکنگ چینل

عدینہ اور اطیب اپنی یوٹیوب ویڈیوز میں کھانے کی ترکیبیں لکھ کر بھی دکھاتے ہیں جس سے عام لوگوں کے علاوہ سماعت سے محروم افراد کو یہ ترکیبیں سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

عدینہ ریاض اور اطیب ریاض دونوں بہن بھائی ہیں۔ عدینہ کیمیکل انجینیئر اور ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتی ہیں جبکہ اطیب بی ایف اے کر رہے ہیں۔

عدینہ کی قوت سماعت کمزور ہے لیکن وہ سننے والے آلے کی مدد سے سن لیتی ہیں جبکہ اطیب مکمل طور پر قوت سماعت سے محروم ہیں۔

دونوں بہن بھائیوں نے حال ہی میں Tasty Treat Plus کے نام سے یوٹیوب پر اپنا کوکنگ چینل شروع کیا ہے۔

عدینہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ گذشتہ برس کرونا وبا کے سبب لاک ڈاؤن لگا تو ان کی ہر طرح کی سرگرمی ختم ہو گئی۔

’مجھے کھانا پکانا اچھا لگتا تھا اس لیے میں نے گھر پر بہت سی کھانوں کی ترکیبیں آزمائیں۔ ان میں سے کچھ میری اپنی تھیں، کچھ یوٹیوب چینلز سے دیکھیں اور کچھ امی کی پرانی ڈائری سے لیں۔

’اسی دوران اطیب نے شوق ظاہر کیا کہ کیوں نہ ہم ایک یوٹیوب چینل بنائیں۔ میں نے انہیں مشورہ دیا کہ ہم کھانا پکانے کا چینل بناتے ہیں۔‘

عدینہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے چار پانچ ویڈٰیوز بنائیں اور اپنی فیملی سے فیڈ بیک لینے کے بعد اپنی پہلی ویڈیو یوٹیوب پر چڑھا دی۔

اطیب نے بتایا کہ انہیں ویڈیو بنانا پسند ہے اس لیے وہ ویڈیو بناتے ہیں اور عدینہ کھانا۔ ’اس کے بعد میں اسے (ویڈیو کو) لیپ ٹاپ پر ایڈٹ کرتا ہوں۔ ابھی تو کچھ عرصہ ہوا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ یہ چینل انشااللہ بہت آگے جائے گا۔‘

عدینہ کے مطابق لوگ ان سے پوچھتے ہیں کہ وہ ویڈیو میں سامنے کیوں نہیں آتیں؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ چونکہ ’میں ملازمت بھی کرتی ہوں اور ویڈیو بنانے کے لیے وقت نکالنا پڑتا ہے لہٰذا ہم روزانہ سامنے آکر ویڈیو نہیں بنا سکتے۔

’ہمیں ایک ویڈیو بنانے میں تین سے چار گھنٹے لگ جاتے ہیں۔ پھر ہم بہن بھائی اور امی ساتھ بیٹھ کر اسے ایڈٹ کرتے ہیں۔

’اس کے بعد میں کھانے کی پوری ترکیب لکھتی ہوں کہ کھانا کیسے بنانا ہے، اس میں کون سے اجزا کتنی مقدار میں ڈالنے ہیں اور کس چیز کو کتنے منٹ پکانا ہے وغیرہ وغیرہ۔

’پھر ہم اسے بھی ویڈیو میں ڈال دیتے ہیں۔ ہم ایک ویڈیو ہفتے کے اختتام اور ایک ہفتے کے کسی بھی دن پوسٹ کرتے ہیں۔‘

عدینہ کے خیال میں بجائے اس کے کہ وہ اشاروں سے کھانے کی ترکیب سمجھائیں وہ اسے لکھ دیتے ہیں تاکہ قوت سماعت سے محروم افراد بھی اسے پڑھ کر سمجھ لیں۔

عدینہ نے بتایا کہ ان کی آئندہ آنے والی ویڈیوز رمضان میں سحری و افطار کے کھانوں اور عید کے پکوانوں کے حوالے سے ہوں گی۔

اطیب ویڈیو کے علاوہ مصور بھی ہیں اور انہیں گرافک آرٹس پسند ہے۔ وہ قوت سماعت سے محروم بچوں کے سکول حمزہ فاؤنڈیشن اکیڈمی میں بھی پڑھاتے ہیں۔

ان کی والدہ ثمرین اسی سکول میں پڑھاتی ہیں۔ ثمرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سکول میں اپنے بچوں کی وجہ سے پڑھانا شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کی ہر قدم پر حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہیں کیونکہ وہ کسی سے کم نہیں اور اسی حوصلہ افزائی کی توقع وہ دوسروں سے رکھتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ یوٹیوب چینل پر کام آسان نہیں لیکن وہ اور ان کے بچے محنت کر رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ان کے بچوں کا چینل جلد کامیاب ہوگا۔

عدینہ نے بتایا کہ قوت سماعت کی کمزوری نے زندگی کا راستہ مشکل بنایا: ’ہم دیکھتے ہیں کہ نارمل لوگ کس طرح آرام آرام سے آگے جاتے ہیں لیکن ہم ہسپتالوں کے چکر لگاتے رہے۔

’کبھی سماعت کا آلہ لگوانے، کبھی یہ دیکھنے کہ ہماری قوت سماعت اور کتنی کمزور ہو گئی ہے۔‘

عدینہ کہتی ہیں کہ وہ اپنی ہر ویڈٰیو پر آنے والے فیڈ بیک کو بغور پڑھتے ہیں تاکہ ویڈیوز میں ناظرین کی خواہش کے مطابق بہتری لائی جاسکے۔

وہ پرامید ہیں کہ ان کا چینل ایک دن ضرور اپنا نام کمائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل