کرونا: کابینہ کی جانب سے سندھ میں فوج تعینات کرنے کی منظوری

منگل کی شام وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے ایک خط کے ذریعے سندھ میں بھی فوج کی تعیناتی کی منظوری طلب کی تھی۔ 

(فوٹو فائل: اے ایف پی)

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے کرونا (کورونا) وبا پر قابو پانے کی غرض سے ایس او پیز پر عمل در آمد کروانے کے لیے ملک کے باقی حصوں کی طرح صوبہ سندھ میں بھی فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ 

منگل کی شام وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے ایک خط کے ذریعے سندھ میں بھی فوج کی تعیناتی کی منظوری طلب کی تھی۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مراد علی شاہ کا خط کابینہ کے اجلاس میں رکھا گیا جس کی کابینہ نے منظوری دے دی۔ 

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے صوبہ سندھ کے علاوہ ملک کے سولہ بڑے شہروں میں سویلین انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا تھا۔ 

پاکستان اس وقت کرونا وبا کی تیسری لہر کا شکار ہے، اور موذی مرض سے ملک بھر میں اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اٹھارہ ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ تقریبا ساڑھے لاکھ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ 

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی توداد 161 رہی، جبکہ 37587  افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے  گئے، جن میں سے 3377 مثبت رہے۔   

وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے منگل کی صبح ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ فوج کی تعیناتی کے بعد سے ایس او پیز پر عمل در آمد میں دو گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔  

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اعداد و شمار دیتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر ایس او پیز کی اوسط تعمیل 25 اپریل کو 34 فیصد سے بڑھ کر 3 مئی کو 68 فیصد ہوگئی ہے۔  

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ کابینہ نے انتخابات سے متعلق دو آرڈیننسز کی بھی منظوری دی، جن کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان الیکٹرانک ووٹنگ مشینز (ای وی ایمز) کا استعمال، اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ کے انتظامات کرے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ ای وی ایم اور قانون سازی کے سلسلے میں حکومت کی تیاری مکمل ہے، جبکہ بائیومیٹرک ای ووٹنگ کے سلسلے میں نادرا نے کام شروع کرنا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ بائیومیٹرک کے کام کو ریز کرنے کے لیے وفاقی کابینہ نے ایک کنسلٹنٹ مقرر کرنے کی بھی منظوری دی۔ 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا تحریک انصاف کے انتخابی منشور کا حصہ ہے۔ ’ہم تو اس پر ہر صورت عمل کریں گے، تاہم مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ اس سلسلے میں کیا پالیسی اختیار کرتے ہیں۔‘ 

انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو سول پروسیجر ایکٹ میں تبدیلی کے ذریعے وراثت کے سرٹیفیکیٹ کا حصول سہل بنانے کی سہولت کی بھی منظوری دی، اور اس سلسلے میں پاکستان کے 24 مختلف سفارت خانوں میں ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔ 

وفاقی کابینہ نے 1921 میں قائم ہونے والی کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی کے قیام کو سو سال پورے ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ نے سعودی عرب کے ساتھ ماحولیات سے متعلق ایک میمورنڈیم آف انڈر سٹینڈنگ پر دستخط کرنے کے علاوہ سعودی پاک سپریم کونسل کے قیام کی بھی منظوری دی۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک میں کمائی جانے والی دولت کا بیرون ملک زیادہ بہتر طریقے سے پیچھا کرنے کی غرض سے کابینہ نے فالو دی منی سے متعلق قانون بنانے کی بھی منظوری دی۔ 

وفاقی کابینہ نے عید الفطر کی خوشی میں ملک کی جیلوں میں قید 65 سال سے زیادہ مرد، ساٹھ سال سے زیادہ عمر کی خواتین، بچوں کی ماوں، اور اٹھارہ سال سے کم عمر کے افراد کی سزاوں میں نوے روز کی کمی کی بھی منظوری دی، تاہم سنگین جرائم میں ملوث قیدی سے رعایت سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ خصوصا کراچی میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، اور کراچی میں عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں پورے ملک کو نقصان ہو سکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے دوران کرونا سے بچاؤ کے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہو گا۔ 

کابینہ نے بریگیڈیئر (ریٹائرڈ)عتیق کو ہیوی مکینیکل کمپلیکس ٹیکسلا کا ممبر تعینات کرنے کی منظوری بھی دی گئی، اور آئی پی پیز کو بقایا جات کی مد میں 40 فیصد ادائیگی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ 

سرکاری ملازمین نوکری سے استعفیٰ دیے بغیر ایم پی ون اور ایم پی ٹو سکیل لے سکیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ جولائی تک ڈھائی کروڑ افراد کو کرونا ویکسین لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا اور داخلی معاملات میں یورپی یونین کی قرارداد کو اہمیت نہیں دیتے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان