’ہم کبھی بھی کم بیک کر سکتے ہیں اور یہی چیز ہمیں خطرناک بناتی ہے‘

پاکستان ٹیم کا ہر وقت غیر متوقع رہنا پریشان کن ہے لیکن یہ حقیقت بھی ہے، سابق کپتان۔

اظہر علی کہتے ہیں کہ ٹیم کا ہر وقت غیر متوقع رہنا پریشان کن ہے لیکن یہ حقیقت بھی ہے۔ تصویر: اے ایف پی

پرفارمنس میں تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینے پر ہمیشہ سے ’غیر متوقع مگر خطرناک‘ ٹیم کا تمغہ سجا رہا ہے اور سابق کپتان اظہرعلی اس ’اعزاز‘ سے خوش نہیں۔

اظہر علی کہتے ہیں کہ ٹیم کا ہر وقت غیر متوقع رہنا پریشان کن ہے لیکن یہ حقیقت بھی ہے۔

برسٹول میں آئی سی سی سے خصوصی گفتگو میں اظہر علی نے کہا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ ہم کسی بھی وقت کم بیک کر سکتے ہیں اور یہی چیز ہمیں خطرناک بناتی ہے۔‘

’ہم نے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں اچھا کھیلا، حتیٰ کہ اُ س وقت بھی جب کوئی توقع نہیں کر رہا تھا۔ ہم نے ہمیشہ اچھی پرفارمنس دکھائی ہے، لہذا امید ہے کہ اس بار بھی کچھ خاص ہو گا۔‘

پاکستان 2017 میں انگلش سرزمین پر چیمپئنز ٹرافی جیت چکا ہے اور اس بار جب عالمی کپ بھی انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جا رہا ہے تو اظہر علی پُر امید ہیں کہ پاکستان کو انگلش کنڈیشنز راس آئیں گی۔

’انگلینڈ میں کھیل کر ہم ہمیشہ محظوظ ہوئے، حالیہ کچھ عرصے میں ہم نے یہاں کافی کرکٹ کھیلی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچ بھی مددگار ثابت ہوں گے، ایسے میں مجھے امید ہے کہ ورلڈ کپ ہم ہی اٹھائیں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کہیں بھی کھیلیں، اگر آپ کو کنڈیشنز کا تجربہ اور مکمل آگاہی ہے تو آپ کو فائدہ ہوتا ہے۔ ورلڈ کپ میں تمام دس ٹیموں میں میچ جیتنے کی صلاحیت ہے۔

پاکستان کے ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام محمد عامر کے حوالے سے اظہر علی کا ماننا ہے کہ وہ اب بھی سلیکٹ ہو سکتے ہیں۔

اظہر علی کہتے ہیں کہ عامر یقیناً ایک عمدہ بولر ہیں لیکن انہیں منتخب کرنا سلیکٹرز پر منحصر ہے۔’عامر کچھ ون ڈے میچوں میں فارم میں نہیں تھے اور انہوں نے اپنی صلاحیت کے مطابق نہیں کھیلا، لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ وہ ورلڈ کلاس ہیں۔‘

’یہ ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز پر منحصر ہے کہ وہ عامر کے بارے میں کیا کرتے ہیں۔ اگر وہ انگلینڈ کے خلاف اچھا پرفارم کر گئے تو سکواڈ میں منتخب ہونے کے امکانات ہو سکتے ہیں۔‘

پاکستان کرکٹ کا ایک اور اہم مسئلہ اوپننگ بلے بازوں کا ہے۔ اس وقت امام الحق اور فخر زمان یہ ذمہ داری ادا کر رہے ہیں لیکن سینیئر اور تجربہ کار محمد حفیظ نے دوبارہ اوپن کرنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔

اس حوالے سے اظہر علی نے کہا کہ ’میرے خیال میں فخر اور امام اچھا کام کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستان ٹاپ آرڈر میں موجودہ کامبینیشن کے ساتھ ہی کھیلے گا۔‘

اظہر علی نے مزید کہا کہ ’حفیظ اوپن کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ مڈل آرڈر میں بہترین کھیل رہے ہیں۔‘

اظہر علی نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹیم کے ساتھ بہت اچھا کام کیا، انہوں نے بہت عزت کمائی ہے، لہذا امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ اٹھانے میں مدد کریں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ