’انکل سرگم‘ کا کردار نبھانے والے فاروق قیصر انتقال کر گئے

پاکستان ٹیلی وژن پر ’انکل سرگم‘ کے کردار سے شہرت پانے والے مصنف اور ہدایت کار فاروق قیصر انتقال کر گئے ہیں۔

فاروق قیصر پاکستان میں پتلی تماشا پر مبنی کردار ’انکل سرگم‘ سے جانے جاتے تھے (ٹوئٹر/ پی ٹی وی)

پاکستان ٹیلی وژن پر ’انکل سرگم‘ کے کردار سے شہرت پانے والے مصنف، کالم نگار اور کارٹونسٹ فاروق قیصر انتقال کر گئے ہیں۔

سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی نے فاروق قیصر کے نواسے محمد کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ فاروق قیصر کے خاندانی ذرائع نے بتایا ہے کہ فاروق قیصر کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔

مقامی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ان کے نواسے نے بتایا کہ فاروق قیصر کی آخری رسومات اسلام آباد میں ادا کی جائیں گی۔ ان کے سوگواروں میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔

فاروق قیصر پاکستان میں پتلی تماشہ پر مبنی کردار ’انکل سرگم‘ اور اسی طرح کے کئی دیگر کرداروں کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔

فاروق قیصر کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی پاکستانی سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد ان سے جڑی اپنی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔

فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے تعلیم حاصل کی اور وہ پاکستان ٹیلی وژن پر پہلی مرتبہ 1970 میں ’اکڑ بکڑ‘ میں دکھائی دیے تھے۔

مگر ان کا وجہ شہرت پی ٹی وی کا شو ’کلیاں‘ بنا جس میں انہوں نے انکل سرگم کا کردار ادا کیا تھا۔ انکل سرگم نامی کردار کے ذریعے فاروق قیصر طویل عرصہ تک معاشرتی مسائل پر مزاحیہ انداز میں بات کرتے رہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ ان کے معروف کرداروں میں ’ماسی مصیبتے‘ سمیت کئی دیگر شامل ہیں۔

فاروق قیصر ایک مصنف، کالم نگار، کارٹونسٹ اور ٹی وی پروڈیوسر بھی تھے۔ انہوں نے پانچ کے قریب کتابیں بھی لکھی ہیں۔

ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں 1993 میں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی