ہائی پرفارمنس کیمپ میں شرکت کے لیے 26 خواتین کرکٹرز ملتان طلب

پی سی بی  کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت یہ کیمپ بھی بائیو سکیور ماحول میں جاری رہے گا۔ کیمپ کے شرکا کی پری آرائیول کوویڈ 19 ٹیسٹنگ آج کی جائے گی۔

پاکستان کی باؤلر ڈیانا بیگ سڈنی میں ایک میچ کے دوران (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ 26 خواتین کرکٹرز پر مشتمل نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ 29 مئی سے ملتان میں شروع ہوگا۔

خواتین کھلاڑیوں کی  سکلز اور فٹنس میں بہتری لانےکی غرض سے لگایا جانے والا یہ 25 روزہ کیمپ 22 جون تک انضمام الحق ہائی پرفارمنس سنٹر ملتان میں جاری رہے گا۔اس دوران قومی خواتین کرکٹرز سات پریکٹس میچز بھی کھیلیں گی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کیمپ کی نگرانی کریں گے۔

نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ کے انعقاد کا مقصد رواں سال آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر اور آئندہ سال شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ سے قبل قومی خواتین کرکٹرز کو تیاری کے بھرپور مواقع فراہم کرنا ہے۔

پی سی بی  کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت یہ کیمپ بھی بائیو سکیور ماحول میں جاری رہے گا۔ کیمپ کے شرکا کی پری آرائیول کوویڈ 19 ٹیسٹنگ آج کی جائے گی۔ ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں تمام افراد نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں اکھٹے ہوں گے، جہاں سے وہ بذیعہ روڈ ملتان روانہ ہوں گے۔

ملتان پہنچنے پر ان تمام افراد کی دوبارہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کرکے انہیں آئسولیشن میں بھیج دیا جائے گا، جن افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئے گی انہیں 31 مئی سے شروع ہونے والے ٹریننگ سیشنز میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

4 جون کو کی جانے والی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے رزلٹ نیگٹیو آنے پر تمام افراد کو ایک گروپ میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔

طلب کردہ خواتین کرکٹرز

عالیہ ریاض، ایمن انور، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید، جویریہ خان، جویریہ رؤف، کائنات امتیاز، کائنات حفیظ، ماہم طارق، منیبہ علی، ناہیدہ خان، نجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صبا ءنذیر، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ پی سی بی رواں سال شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر اور آئندہ سال شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ سے قبل قومی خواتین کھلاڑیوں کو تیاری کے بھرپور مواقع فراہم کرنا چاہتا ہے۔

عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ اس سے قبل یہ خواتین کرکٹرز اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی غرض سے کراچی میں ایک ماہ تک جاری رہنے والے کیمپ میں بھی شرکت کرچکی ہیں، پرامید ہوں کہ ڈیوڈ ہیمپ کی زیرنگرانی کراچی میں جاری رہنے والے کیمپ کے بعد اب ملتان میں خواتین کھلاڑیوں کی فٹنس اور اسکلز کے معیار میں اضافہ ہوگا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ