پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز نہیں دکھا پائیں گے: فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں کرکٹ کے تمام نشریاتی حقوق بھارتی کمپنی کے پاس ہیں اس لیے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی کرکٹ سیریز پاکستان میں نہیں دکھائی جا سکے گی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں کرکٹ کے تمام  نشریاتی حقوق بھارتی کمپنی کے پاس ہیں اس لیے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی کرکٹ سریز پاکستان میں نہیں دکھائی جا سکے گی۔

فواد چوہدری نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے بھارتی براڈکاسٹرز کے ساتھ معاہدے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز آئندہ ماہ کے آغاز میں کھیلی جانی ہے جس کے لیے پاکستان ٹیم رواں ماہ کے آخر میں روانہ ہوگی۔

تاہم اس حوالے سے اب فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کی بھارتی کمپنی سے معاہدہ کرنے کی درخواست کی منظوری نہیں دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’جب تک بھارت پانچ اگست کے اقدام سے پیچھے نہیں ہٹتا تب تک بھارت سے ہمارے تعلقات بحال نہیں ہو سکتے اور اسی لیے اصول کے تحت ہی پی ٹی وی کی درخواست منظور نہیں کی گئی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی بھارتی کمپنی سے کاروبار نہیں کر سکتے۔

تاہم انہوں نے مزید کہا کہ ’جنوبی ایشیا میں کرکٹ کے تمام رائٹس بھارتی کمپنی کے پاس ہیں اس لیے ہم کوشش کریں گے کہ اس میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے بات کریں اور کوئی راستہ نکل سکے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹس کے حوالے سے مشکل درپیش ہے لیکن اس کے لیے کوئی راستہ تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان کے وزیر اعظم عمران نے بھی بھارت سے تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں بھارت سے تعلقات استوار کرنا کشمیریوں سے غداری ہوگی۔

عمران خان نے کہا تھا کہ ’بھارت سے تعلقات میں بہتری کا مطلب ہم کشمیریوں کی جد و جہد، ان کے خون کو نظرانداز کر دیں گے، کشمیریوں کا خون ضائع ہو جائے گا، ان کے خون پر تجارت کو فروغ نہیں دے سکتے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان