محبت اور بے پروائی: جِل بائیڈن کی جیکٹ نے میلانیا کیسے یاد کروا دیں؟

امریکی خاتون اول برطانیہ کے دورے پر ایک ایسی جیکٹ پہنے ہوئے نظر آئیں کہ ان کی پیشرو میلانیا ٹرمپ سے موازنے شروع ہوگئے۔

امریکی خاتون اول جِل بائیڈن جب ایک ایسی جیکٹ میں دکھائی دیں جس پر محبت کا پیغام درج تھا جو فوراً ہی ان کی پیشرو میلانیا ٹرمپ کی یاد تازہ ہوگئی جو ایک بار جِل کے بالکل برعکس پیغام والی جیکٹ میں نظر آئی تھیں۔ 

اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر صدر جو بائیڈن کے ساتھ برطانیہ پہنچنے والی امریکی خاتون اول لندن میں برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور ان کی اہلیہ کیری سائمنڈز سے جمعرات کو ملیں، جس دوران انہوں نے ایک سیاہ جیکٹ زیب تن کر رکھی تھی جس کی پشت پر ’لو‘ یعنیٰ محبت لکھا ہوا تھا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایڈڈ پریس کے مطابق انہوں نے اپنی جیکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا: ’ہم امریکہ سے پیار لے کر یہاں آئے ہیں۔‘

انہوں نے دو سال قبل بائیڈن کی صدارتی مہم کے آغاز کے موقعے پر بھی یہی جیکٹ پہن رکھی تھی۔

جی سیون اجِلاس کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا: ’یہ ایک عالمی کانفرنس ہے اور ہم پوری دنیا کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’میں سمجھتی ہوں کہ اب اس کی ضرورت اور بھی زیادہ ہے تاکہ دنیا بھر کے عوام تمام ممالک کا اتحاد اور اس (کرونا) وبا کے سال کے بعد امید کا احساس محسوس کر سکیں۔‘

جِل بائیڈن اپنے ملبوسات کے انتخاب کے لیے مشہور ہیں۔ بائیڈن انتظامیہ میں وہ اکثر آؤٹنگ کے لیے شوخ اور دلکش رنگوں اور پیٹرن والے لباس پہننا پسند کرتی ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب انہوں نے اپنے لباس کے ذریعے کوئی پیغام دیا ہو۔ گذشتہ سال آئیووا میں انتخابی مہم کے دوران جِل بائیڈن نے سیاہ جینز پہن رکھی تھی جس کے دونوں پاؤنچوں پر ’ووٹ‘ درج تھا۔

ان کے لباس کی اس انتخاب کا سابق خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے انتخاب سے کیا جا رہا ہے، جنہوں نے 2018 میں پناہ گزین بچوں کے حراستی مرکز کے دورے کے دوران ایک ایسی جیکٹ پہنی جس پر ’آئی رئیلی ٖڈونٹ کیئر، ڈو یو؟‘ یعنی ’میں واقعی پروا نہیں کرتی، کیا آپ کرتے ہیں؟‘ لکھا تھا۔

حراستی مرکز کے دورے پر ایسے پیغام والی جیکٹ پہننے پر ان پر کافی تنقید کی گئی۔ تاہم ’اے بی سی‘ کو ایک انٹرویو میں انہوں نے اس کا دفاع کرتے ہوئے کہا: ’ظاہری بات ہے وہ جیکٹ میں نے (پناہ گزین) بچوں کے لیے نہیں پہنی تھی۔۔۔۔ وہ لوگوں کے لیے تھی اور بائیں بازو کے میڈیا کے لیے تھی جو مجھ پر تنقید کر ریے ہیں۔‘

جِل بائیڈن امریکی صدر کے پہلے غیر ملکی دورے کے دوران یورپ پہنچی ہیں، جہاں وہ گروپ آف سیون سربراہی اجِلاس کے موقعے پر عالمی رہنماؤں کی شریک حیات کی ہونے والی سرگرمیوں میں حصہ لیں گی۔

وہ جمعرات کو چائے پر بورس جانسن کی اہلیہ کیری سائمنڈز سے ملیں اور ساحل پر اپنی ایک تصویر ٹویٹ کی۔

جو بائیڈن بطور صدر اپنے پہلے بیرون ملک دورے پر ہیں۔ وہ جی سیون سربراہی اجِلاس اور برسلز میں نیٹو سربراہی اجِلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ  روسی صدر ولادی میر پوتن اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

زیادہ پڑھی جانے والی سٹائل